Time 05 دسمبر ، 2022
کھیل

لیجنڈ فٹبالر پیلےکی بیٹی نے والدکی صحت کے حوالے سے افواہوں کی تردیدکردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

برازیل کے سابق لیجنڈ فٹبالر پیلےکی بیٹی نے اپنے والد کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی افواہوں کی تردید کی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  لیجنڈ فٹبالر کی ایک بیٹی نے ایک روز قبل برازیلی اخبار میں شائع ہونے والی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بڑی آنت کےکینسر میں مبتلا پیلےکی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور کیمو تھراپی کے متوقع نتائج نہ آنے پر انہیں 'زندگی کی اختتامی نگہداشت'(پیلیٹو کیئر) کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

82 سالہ عظیم فٹبالر کو گزشتہ منگل کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، اس سے قبل 2021 میں ان کی  بڑی آنت میں سے ٹیومر نکالا گیا تھا جس کے بعد سے مستقل بنیادوں پر ان کی طبی نگہداشت کی جارہی تھی۔

برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال نے فٹبال کے'کنگ' کی حیثیت سے مشہور پیلے کی صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی رپورٹ کی تصدیق کرنے سے انکار کیا  تھا تاہم اب ان کی بیٹی فلیویا نے رپورٹ کو حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں پیلے کی بیٹی کا کہنا تھا کہ 'یہ انتہائی افسوس کی بات ہےکہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ لیجنڈ فٹبالر کا آخری وقت چل رہا ہے اور وہ پیلیٹو کیئر وارڈ میں داخل ہیں تاہم یقین کریں ایسا کچھ نہیں ہے'۔

البرٹ آئن اسٹائن اسپتال کی جانب سے پیلےکی صحت کے حوالے سے آخری رپورٹ ہفتے کی شام جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ پیلے کو سانس میں انفیکشن کی تشخیص پر اسپتال منتقل کیا گیا، انہیں انفیکشن سے صحت یابی کے لیے اینٹی بائیوٹک دی جارہی ہیں، پیلے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور صحت میں معمولی بہتری بھی آرہی ہے تاہم وہ آنے والے دنوں میں اسپتال میں زیر علاج رہیں گے۔

دوسری جانب پیلےکی ایک اور بیٹی کِیلے نے ایک انٹرویو میں بتایا ہےکہ اس کے والد کو  تین ہفتے قبل کورونا ہوا تھا جس کے باعث انہیں  سانس میں انفیکشن کی شکایت ہوئی، وہ بیمار اور بوڑھے ہیں جب وہ بہتر ہوجائیں گے تو گھر واپس آجائیں گے۔

خیال رہے کہ دنیا کے اب تک کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈکپ 1958، 1962 اور 1970 جیت چکے ہیں، 1977 میں ریٹائر ہونے والے پیلے کو برازیل کا اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔


مزید خبریں :