Time 06 دسمبر ، 2022
کھیل

کوارٹر فائنل میں رسائی، برازیلین کھلاڑیوں کا لیجنڈ فٹبالر پیلے کو شاندار خراج تحسین

فوٹو: فیفا
فوٹو: فیفا

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ میچ میں برازیل جنوبی کوریا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

پری کوارٹر فائنل میچ میں برازیل نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرایا، برازیل کی جانب سے ونی جونیئر، نیمار، رچرلیسن اور لوکاس نے گول کیا جبکہ جنوبی کوریا کا واحد گول پائک سیونگ نے اسکور کیا۔

کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد برازیلین کھلاڑیوں نے اسپتال میں زیر علاج لیجنڈ فٹبال پیلے کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

برازیل کے کھلاڑی پیلے کی تصویر اور نام والا بینر لے کر میدان میں آگئے اور تصاویر بنوائیں۔

واضح رہے کہ 82 سالہ عظیم فٹبالر پیلے کو گزشتہ منگل کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، اس سے قبل 2021 میں ان کی بڑی آنت میں سے ٹیومر نکالا گیا تھا جس کے بعد سے مستقل بنیادوں پر ان کی طبی نگہداشت کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ برازیل سے تعلق رکھنے والے دنیا کے اب تک کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈکپ 1958، 1962 اور 1970 جیت چکے ہیں، 1977 میں ریٹائر ہونے والے پیلے کو برازیل کا اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔

مزید خبریں :