کھیل
Time 06 دسمبر ، 2022

فٹبال ورلڈکپ کے بعد قطر کے اسٹیڈیمز کا مستقبل کیا ہوگا؟

خلیفہ اسٹیڈیم کا ایک منظر / اے پی فوٹو
خلیفہ اسٹیڈیم کا ایک منظر / اے پی فوٹو

فٹبال ورلڈکپ اب اختتامی مراحل میں داخل ہونے والا ہے۔

18 دسمبر کو قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ کا اختتام ہوجائے گا مگر اس ایونٹ کے لیے تیار کیے جانے والے اسٹیڈیمز کا کیا ہوگا؟

اس ایونٹ کے لیے قطر نے مجموعی طور پر 8 اسٹیڈیم استعمال کیے ہیں جن میں سے 7 کو مکمل طور پر تعمیر کیا گیا جبکہ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم پہلے سے موجود تھا۔

قطر نے اسٹیڈیمز کے حوالے سے پہلے سے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔

اسٹیڈیم 974 پہلا فٹبال اسٹیڈیم تھا جسے کنٹینرز سے تعمیر کیا گیا تھا اور وہاں آخری میچ برازیل اور جنوبی کوریا کے درمیان 5 دسمبر کو ہوا۔

لیگو بلاکس سے متاثر اس اسٹیڈیم کی تیاری کے لیے 974 شپنگ کنٹینرز استعمال کیے گئے ہیں۔

اب اس کے لیے استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور نشستوں کو ہٹایا جائے گا مگر ابھی واضح نہیں کہ یہ عمل کب شروع ہوگا۔

لوسیل اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کا فائنل ہوگا اور ٹورنامنٹ کے اختتام پر اس اسٹیڈیم کو ایک کمیونٹی مرکز میں تبدیل کردیا جائے گا، جس میں اسکول، دکانیں، کیفے، طبی مراکز اور دیگر سہولیات موجود ہوں گی۔

البیت اسٹیڈیم کو فائیو اسٹار ہوٹل، شاپنگ مال اور اسپورٹس میڈیسین سینٹر میں تبدیل کردیا جائے گا۔

احمد بن علی اسٹیڈیم اور الجنوب اسٹیڈیم مقامی فٹبال کلبوں کے لیے مختص کردیے جائیں گے۔

احمد بن علی اسٹیڈیم الریان کلب کا مرکز ہوگا جبکہ الورقہ کلب الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔

خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم مستقبل میں بھی عالمی فٹبال مقابلوں کے لیے استعمال کیا جائے گا اور 2026 کے ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلوں کا انعقاد وہاں ہوگا۔

کچھ اسٹیڈیمز کو جنوری 2024 میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ایسا بھی ممکن ہے کہ ایشیا کپ کے لیے اسٹیڈیم 974 کو پھر سے تعمیر کیا جائے۔

قطر کو 2030 کے ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے بھی وینیوز کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :