08 دسمبر ، 2022
کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی میں نیا ایڈمنسٹریٹر آج تعینات ہونے کا امکان ہے جس کے لیے نام بھی فائنل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایڈ منسٹریٹر کراچی کے لیے گریڈ 20 کے افسر ڈاکٹر سیف الرحمان کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت ایم کیو ایم کے نامزد کردہ سیاسی یا سرکاری ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔
ڈاکٹر سیف الرحمان کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس سے ہے اور وہ اس وقت گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ہیں۔
ڈاکٹر سیف الرحمان بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میٹروپولیٹن کمشنر رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ ڈاکٹر سیف الرحمان ضلع وسطی، شرقی کے ڈپٹی کمشنر سمیت بلدیہ وسطی کے ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر سیف کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور بلوچستان میں کمشنر ژوب بھی تعینات رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو بھی آج تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ میں ایم کیو ایم کا نامزد کردہ افسر ایڈمنسٹریٹر مقرر ہو گا۔