08 دسمبر ، 2022
ٹوئٹر کے سبسکرپشن پلان کو دوبارہ کب تک لانچ کیا جاتا ہے یہ تو ابھی معلوم نہیں مگر جب بھی ایسا ہوگا تو آئی فون صارفین کو اس کا حصہ بننے پر ہر ماہ 11 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔
یہ دعویٰ ایک نئی رپورٹ میں سامنے آیا۔
ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن پلان کا آغاز 7.99 ڈالرز ماہانہ سے ہوا تھا مگر اسے مختلف وجوہات کے باعث روک دیا گیا تھا۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق جب بھی اس پروگرام کو ری لانچ کیا جائے گا تو آئی او ایس صارفین کو 11 ڈالرز ماہانہ ادا کرنا ہوں گے جبکہ ویب ورژن کے صارفین کے لیے یہ سبسکرپشن پلان 7 ڈالرز ماہانہ میں دستیاب ہوگا۔
آئی او ایس صارفین سے زیادہ معاوضہ لینے کی وجہ ایپل کی جانب سے ایپ اسٹور ڈویلپرز سے 30 فیصد فیس لینا ہے۔
ٹوئٹر نے 9 نومبر کو یہ سبسکرپشن پلان ویری فکیشن چیک کے ساتھ متعارف کرایا تھا اور 30 فیصد فیس کے ساتھ یہ رقم 10.38 ڈالرز بنتی ہے، تو اسی وجہ سے اب فیس کو 11 ڈالرز کیا جارہا ہے۔
نومبر کے آخر میں ایلون مسک نے ایک میم بھی ٹوئٹ کی جس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ وہ ایپ اسٹور کے 30 فیصد کمیشن کی بجائے جنگ کو ترجیح دیں گے۔
مگر پھر ایپل کے سی ای او ٹم کک سے ملاقات کے بعد ایلون مسک نے کہا کہ ان کی غلط فہمی دور ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ایسی نئی تصاویر سامنے آئی ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ سان فرانسسکو میں ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹرز میں ملازمین کے دفاتر کو ان کے بیڈروم میں تبدیل کردیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹرز میں بستروں کی تصاویر شیئر کیں۔
یہ تصاویر اس وقت سامنے آئی ہیں جب ایلون مسک نے ٹوئٹر کے دفتر میں بیڈرومز کی تحقیقات کی رپورٹ پر سان فرانسسکو کے میئر پر تنقید کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تھکاوٹ کے شکار ملازمین کو بستر فراہم کرنے پر ٹوئٹر کو غیرمنصفانہ حملے کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
دوسری جانب مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شکایت کے بعد ٹوئٹر ہیڈکوارٹر کا معائنہ کیا جائے گا کیونکہ بیڈرومز کی موجودگی بلڈنگ کوڈ کی ممکنہ خلاف ورزی ہے۔