09 دسمبر ، 2022
ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ ٹوئٹر کے ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا تاکہ یوزر نیم دستیاب ہوسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن پر برسوں سے کوئی لاگ ان نہیں ہوا اور کوئی ٹوئٹ نہیں کیا گیا۔
اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ایلون مسک نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں ٹوئٹس میں ویو کاؤنٹ اسی طرح نظر آئے گا جیسا ویڈیوز میں نظر آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کی جانب سے ایک سافٹ وئیر اپ ڈیٹ پر کام کیا جارہا ہے جس سے اکاؤنٹ اسٹیٹس شو ہوگا، تاکہ آپ کو معلوم ہوسکے کہ اکاؤنٹ شیڈو بین تو نہیں اور کیسے آپ اپنے مواد کے لیے لوگوں کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں۔
ایلون مسک نے کہا کہ صارفین کو بھی بتایا جائے گا کہ ان کی پوسٹس کو کمپنی کی جانب سے روکا تو نہیں جارہا اور اپیل کرنے کا حق بھی دیا جائے گا۔