09 دسمبر ، 2022
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف سے مانگی گئی معافی پر رد عمل دیا ہے۔
اپنے ردعمل میں نواز شریف نے کہا کہ ’اللہ سرخرو کر رہا ہے، نیک نیتی رائیگاں نہیں جاتی۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی اخبار ڈیلی میل نے غلط الزام عائد کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگی تھی۔
برطانوی اخبار نے صحافی ڈیوڈ روز کی خبر بھی ویب سائٹ سے ہٹادی، معافی نامہ ویب سائٹ پر لگادیا اور کہا کہ غلطی ہوگئی، معاف کردیں۔
14 جولائی 2019 کی خبر میں شہباز شریف پر 2005 کے زلزلہ متاثرین کی امداد چوری کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اخبار نے اپنی وضاحت میں لکھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف پر برطانوی شہریوں کا پیسہ یا ڈی ایف آئی ڈی گرانٹ میں خردبرد کا الزام کبھی نہیں لگایا، غلطی پر شہباز شریف سے معافی مانگتے ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ثابت ہوگیاغلط معلومات اورجعلی خبروں کی مدت محدود اورسچائی حتمی فاتح ہے، سرخرو ہونے پر اللہ کے حضور عاجزی کے ساتھ سر جھکاتا ہوں، 3 سال تک عمران اور اس کے ساتھی میری کردار کشی کیلئے ہر حد تک گئے، گھناونی مہم میں انھوں نے ملک کی بدنامی کی پرواہ نہیں کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انھوں نے دوست ملکوں سے تعلقات کو نقصان پہنچنے کی بھی پرواہ نہ کی،انہوں نے بے بنیاد الزامات کے ذریعے میرا اور میرے خاندان کا مذاق اڑایا، اللہ پر غیر متزلزل ایمان تھا کیونکہ صرف وہی ان کے جھوٹ کو بے نقاب کر سکتا ہے۔