سیریز تو ہار گئے لیکن آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو بھرپور جواب دینا چاہتے ہیں: ہیڈ کوچ

ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں: ہیڈ کوچ—فوٹو: جیو نیوز
ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں: ہیڈ کوچ—فوٹو: جیو نیوز

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ سیریز میں تو شکست ہوگئی لیکن آخری میچ میں فتح حاصل کرکے انگلینڈ کو پھرپور جواب دینا چاہیں گے۔

 ثقلین مشتاق نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر منحصر ہے،پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ریڈ بال کا زیادہ تجربہ نہیں ہے،سعود شکیل اور محمد نواز کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ امام الحق اسپتال سے آئے اور اچھی بیٹنگ کی،خوش ہوں لیکن بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا،کراچی کی وکٹ بھی اسپنرز کے لیے سازگار ہوں گی۔

ہیڈ کوچ نے انٹرویو میں کہا کہ ہم انگلینڈ کے خلاف سیریز تو ہار گئے لیکن آخری ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کو جواب دینا چاہتے ہیں،آپ یا تو جیتتے ہیں یا سیکھتے ہیں،امید ہے کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہوگا،جو غلطیاں ہوئیں اس کا جائزہ لیں گے۔

ٹی وی امپائر جول ولسن کی جانب س سعود شکیل کو آؤٹ دینے پر ثقلین مشتاق نے کہا کہ سعود  کے کیچ پر دنیا تبصرہ کررہی ہے،امپائر کے فیصلے ماننے ہوتے ہیں اور صرف ایک کیچ کو لے کر ہی نہیں بیٹھ جانا، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر کسی کو بابر اور رضوان سے امیدیں ہیں،سب اسکور کریں ایسا ممکن نہیں،عوام اور میڈیا رنز، وکٹیں اور جیت دیکھتے ہیں،کوچ اعتماد یقین کنٹرول عمل اور فوکس دیکھتا ہے،رضوان ہمیشہ پر اعتماد نظر آتا ہے،امید ہے رضوان آئندہ میچز میں اسکور کرے گا۔

مزید خبریں :