Geo News
Geo News

Time 12 دسمبر ، 2022
پاکستان

مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں پر صدر مملکت کو خط لکھ دیا

اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی دفعہ منصوبہ بندی کی گئی اور مجھے حکام کی جانب سے بار بار بتایا گیا کہ میری جان کو خطرہ ہے: سابق وفاقی وزیر کا خط— فوٹو: فائل
اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی دفعہ منصوبہ بندی کی گئی اور مجھے حکام کی جانب سے بار بار بتایا گیا کہ میری جان کو خطرہ ہے: سابق وفاقی وزیر کا خط— فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں پر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ دیا۔

مراد سعید نے خط میں مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں کی تفصیلات دیں اور کہا کہ میں موت سے ڈرتا نہیں اور حق بات کہتا رہوں گا۔

انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے، اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی دفعہ منصوبہ بندی کی گئی اور مجھے حکام کی جانب سے بار بار بتایا گیا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔

خط کے متن کے مطابق 12جولائی کو ارشد شریف نے بھی آپ کو خط لکھا لیکن کسی نے نوٹس لیا نہ ہی ارشد شریف کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا گیا لہٰذا امید ہے ارشد شریف کے خط کے حوالے سے برتی گئی غفلت کو نہیں دہرایا جائے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر تک درج نہ ہوسکے وہاں انصاف کی امید مشکل ہے۔

مراد سعید نے خط میں مطالبہ کیا کہ صدر مملکت معاملے پر نوٹس اور ضروری ایکشن لیں۔