13 دسمبر ، 2022
ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس کو دوبارہ متعارف کرایا جاچکا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹس پر ماہانہ فیس ادا کرکے بلیو ٹک حاصل کرسکیں گے۔
مگر سوال یہ ہے کہ ٹوئٹر بلیو متعارف کرانے سے قبل جن اکاؤنٹس کو کمپنی نے ویری فائی چیک فراہم کیا تھا، ان کا کیا ہوگا؟
اگر آپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ویری فائیڈ ہے تو ہوسکتا ہے کہ آپ نے بلیو ٹک پر کچھ عجیب محسوس کیا ہو۔
اگر آپ اپنے اکاؤنٹ پر موجود بلیو ٹک پر کلک کریں تو ایک نوٹس نظر آئے گا جس میں یہ جملہ 'This is a legacy verified account. It may or may not be notable' لکھا ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایلون مسک کے اکاؤنٹ کے بلیو ٹک پر بھی یہی جملہ لکھا ہے۔
ٹوئٹر کے نئے قوانین کے تحت 8 سے 11 ڈالرز ماہانہ فیس کی ادائیگی پر ایک اکاؤنٹ بلیو ٹک حاصل کرسکے گا جس کے لیے چند شرائط کو پورا کرنا ضروری ہوگا۔
ڈسپلے نیم، پروفائل فوٹو اور فون نمبر، اکاؤنٹ کو بنائے 90 دن سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہو، پروفائل فوٹو، نام یا یوزرنیم میں حالیہ دنوں میں تبدیلی نہ کی گئی ہو اور اکاؤنٹ ایکٹیو ہونا ضروری ہے۔
یہ تو ٹوئٹر بلیو کے صارفین کے لیے نئے بلیو ٹک کے حصول کی چند شرائط ہیں مگر جن اکاؤنٹس کو ماضی میں مفت بلیو چیک مل گیا تھا ان کا کیا ہوگا؟
ٹوئٹر کے مطابق ایسے اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کو کسی بھی وقت اطلاع دیے بغیر ہٹایا جاسکتا ہے۔
ایلون مسک نے اس حوالے سے واضح طور پر بتایا کہ اس طرح کے تمام بلیو ٹکس کو چند ماہ کے دوران ہٹا دیا جائے گا۔
ٹوئٹر بلیو سروس اس وقت امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ میں دستیاب ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ دیگر ممالک میں صارفین ابھی بلیو ٹک حاصل نہیں کرسکتے۔
البتہ کمپنی کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں اس سروس کو دیگر ممالک تک توسیع دی جائے گی۔