Time 14 دسمبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

انسٹاگرام میں چند نئے فیچرز متعارف

مارک زکربرگ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میٹا
مارک زکربرگ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ان فیچرز کا اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میٹا

ٹک ٹاک جیسا بننے کی کوشش پر ہونے والی تنقید کے بعد انسٹاگرام کی جانب سے چند ایسے نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جو صارفین کے لیے اپنی حقیقی دنیا کے دوستوں سے رابطہ کرنا آسان بنائیں گے اور بظاہر ٹوئٹر کی جگہ لینا بھی آسان ہوجائے گا۔

میٹا کی زیرملکیت ایپ میں کئی تبدیلیاں کی جارہی ہیں جن میں سے سب سے اہم نوٹس نامی فیچر ہے۔

یہ وہ فیچر ہے جس کے بارے میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے اسے ٹوئٹر کے مقابلے پر لانے کے لیے غور کیا جارہا ہے۔

نوٹس فیچر سے صارفین اپنے دوستوں سے ٹیکسٹ اور ایموجی سے رابطہ کرسکیں گے، یعنی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال نہیں ہوگا جو انسٹاگرام میں ایک نئی چیز ہے۔

انسٹاگرام نوٹس کسی حد تک ٹوئٹر سے ملتا جلتا فیچر ہے مگر اس کے استعمال کا طریقہ مختلف ہے۔

اسے استعمال کرنے کے لیے صارف کو اپنے ان باکس کے ٹاپ پر اپنے ایسے فالوورز کو سلیکٹ کرنا ہوگا جن کو وہ خود بھی فالو کرتا ہو یا وہ کلوز فرینڈز لسٹ میں شامل ہوں۔

میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ کا یہ ٹیکسٹ پر مبنی فیچر صارفین کو اپنے خیالات دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے ایک صارف 60 حروف پر مبنی پیغام تحریر کرکے اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کرسکتا ہے۔

24 گھنٹے بعد نوٹ انسٹاگرام اسٹوریز کی طرح غائب ہوجائے گا۔

دیگر نئے فیچرز میں انسٹاگرام اسٹوریز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

ان میں سے ایک فیچر پاس اٹ آن ہے جو بنیادی طور پر ٹرینڈز کو آگے بڑھانے کے لیے ہے، جو ٹک ٹاک سے متاثر محسوس ہوتا ہے۔

ٹک ٹاک میں بھی صارفین مختلف ٹرینڈز کو اسی طرح آگے پھیلاتے ہیں۔

انسٹاگرام میں Candid اسٹوریز نامی فیچر کی آزمائش بھی کی جارہی ہے۔

یہ اسٹوریز صرف ان اکاؤنٹس میں نظر آئیں گی جو خود Candid اسٹوری شیئر کریں گے۔

یہ فیچر ایک اور سوشل میڈیا ایپ بی رئیل سے متاثر ہے اور بی رئیل کی طرح انسٹاگرام میں بھی صارفین کو روزانہ نوٹیفکیشن سے اسے استعمال کرنے کے بارے میں یاد دہانی کرائی جائے گی۔

ایک نیا فیچر گروپ پروفائلز کا ہے جو ایک نئی قسم کی پروفائل ہوگی جس میں کچھ دوست پوسٹس اور اسٹوریز شیئر کرسکیں گے۔

اس پروفائل میں شیئر کیے جانے والا مواد گروپ کے اراکین تک محدود ہوگا اور آپ کی پروفائل یا فالوورز کے پاس شو نہیں ہوگا۔

ایک نیا فیچر Collaborative Collections ہے جو بنیادی طور پر چند سال پرانے کلیکشنز فیچر کی توسیع ہے۔

مگر اس میں صارف دیگر افراد کے ساتھ مل کر کلیکشن تیار کرے گا۔

ان نئے فیچرز کا اعلان مارک زکربرگ نے انسٹاگرام پر خود کیا جبکہ کمپنی کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بھی اس بارے میں بتایا گیا۔

یہ فیچر آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

مزید خبریں :