14 دسمبر ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے سے قبل تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کی یقین دہانی کرادی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ڈیرہ غازی خان کےارکان اسمبلی کامشاورتی اجلاس ہوا جس میں شرکا کوپنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا۔
اجلاس میں عثمان بزدار، زرتاج گل، حنیف پتافی، ہاشم جواں بخت، سیف کھوسہ، محی الدین کھوسہ، خواجہ داؤد سلیمانی، علی عباس شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں کسانوں کی معاشی صورتحال اورکھاد کے ریٹ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ حکومت نے تاجربرادری کے ساتھ کسانوں کیلئے بھی مشکلات کھڑی کردی ہیں، ہمارے دور میں کسانوں کیلئے کھادمیں سبسڈی دی جارہی تھی، موجودہ حکومت نےکھاد کی قیمت 11 ہزار روپے کرکے زیادتی کی ہے، عالمی سطح پرکھادکی قیمت8سے9ہزارروپے ہے۔
تونسہ شریف کو ضلع بنانے کے حوالےسے عثمان بزدار نے عمران خان کو بریفنگ دی اور کہا کہ تونسہ کوعرصے سے ضلع بنانے پرکام کررہے ہیں لیکن ابھی تک ضلع کا درجہ نہیں دیاگیا۔
اس پر عمران خان کا کہنا تھاکہ اسمبلیاں تحلیل ہونےسےقبل ہی تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دے دیا جائے گا۔