16 دسمبر ، 2022
کراچی: گلشن اقبال میں این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کرنے والے دو ملزمان میں سے ایک کو پولیس نے واردات کے 11 گھنٹے کے اندر اندر گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے پانچ رکنی کمیٹی بنائی تھی جس نے رات بھر کارروائیاں کرتے ہوئے تکنیکی بنیادوں پر ایک ملزم نظام کو صبح 3 بجے گرفتار کرلیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم کی شناخت نظام کے نام سے ہوئی ہے جس نے دورانِ تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے جب کہ ملزم سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل پولیس مقابلوں میں زخمی بھی ہوچکا ہے، ملزم ایک مقدمے میں جیل بھی گیا لیکن 8 روز بعد ضمانت پر رہا ہوگیا۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے 21 سالہ طالب علم بلال ناصر جمعرات کی شام یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
مقتول فیڈل بی ایریا کا رہائشی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ پیٹرولیم میں تھرڈ ایئر کا طالب علم تھا۔