Time 16 دسمبر ، 2022
کھیل

پاکستان میں 20 سال بعد بھی ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد ممکن نہیں: عارف حسن

کراچی: پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر نے آئندہ سال ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد ناممکن قرار دے دیا۔

جیونیوز سے گفتگو میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہیں، میگا ایونٹ کا اگلے سال ہونا ناممکن ہے اس لیے اسے 2024 میں کرانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی گیمز کو کرانے کا اس وقت تک فائدہ نہیں جب تک آپ کے کھلاڑی پرفارمنس نہ دے سکیں، اگر ہم انٹرنیشنل گیمز کراتے ہیں تو ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی اسی معیار کی ہونی چاہیے۔

عارف حسن کا کہنا تھاکہ  قومی کھلاڑیوں کو بڑے ٹورنامنٹس کے مواقع نہیں ملتے، ہمیں کھلاڑیوں کی تیاری پر زیادہ سے زیادہ زور دینے کی ضرورت ہے، پلیئرز کا ایکسپوژر بڑھانے کے لیے انہیں انٹرنیشنل ایونٹس کی نمائندگی کرانی پڑے گی۔

اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل کوچز کی تربیت دلانی ہوگی یہ ایک کڑی ہے جیسے تواتر سے چلنا چاہیے، کھلاڑیوں کو جب تک انٹرنیشنل ایکسپوژر نہیں ملے گا معیاری کارکردگی دکھانا مشکل ہے، اگر کھلاڑیوں کی تیاریاں اس طرح سے شروع ہوجائیں تو پھر امید باندھی جاسکتی ہے۔

مزید خبریں :