20 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر 70 سال میں پہلی مرتبہ انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ چوتھے روز ختم ہوا جس میں انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔
میچ کے تیسرے روز ایک ویڈیو سامنے آئی جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خاصی گردش کررہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تماشائی کرسیوں پر بیٹھے سرفراز احمد کو کھلانے کے لیے نعرے بازی کررہے ہیں۔
مداح اونچی اونچی آواز میں کہہ رہے ہیں کہ 'وی وانٹ سیفی' (ہمیں سرفراز چاہیے)۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔
اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر سرفراز سے متعلق کئی دن تک ٹرینڈ چلا، صارفین نے مطالبہ کیا کہ رضوان کو آرام دے کر سرفراز کو ٹیم میں کھلانا چاہیے۔
اسی حوالے سے آج کے میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں کپتان بابر اعظم سے بھی سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ 'ہماری حکمت عملی چلتی آرہی ہے اور رضوان شروع سے ہی کھیل رہے ہیں، اس لیے فی الحال سرفراز کو نہیں کھلایا'۔