20 دسمبر ، 2022
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کیلئے تیار ہیں اور عدم اعتماد کی ناکامی کے فوری بعد پنجاب اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم الیکشن سے فرار اختیار کر رہی ہے، اگر ملک نہیں چلاسکتے تو جان چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے فوری بعد اسمبلی تحلیل کردی جائے گی، ہم تحریک عدم اعتماد کیلئے تیار ہیں اور ہمارے پاس 190 ارکان کےنمبرز ہیں، تحریک عدم اعتماد کا بھی مل کر مقابلہ کریں گے، آپ کوجوشوق پورا کرنا ہے کرلیں الیکشن نہیں روک سکیں گے۔
گورنر کی جانب سے اعتماد کے ووٹ سے متعلق فواد کا کہنا تھاکہ اجلاس کو شیڈول کرنے کا اختیار اسپیکر کے پاس ہے، اسپیکر جو رولنگ دیں گے ہم اسی کے مطابق چلیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسپیکرقومی اسمبلی ہمارے استعفے منظورکرے، چاہتے ہیں قومی اسمبلی اورصوبائی اسمبلیوں میں ایک ہی دن الیکشن ہو، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نئے انتخابات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مراد سعید 6 ماہ سےبتارہےہیں کہ خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہورہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جبکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اسمبلی سے 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔