25 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کپتان بابر اعظم کے حق میں کی گئی ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی۔
پاکستان کے انگلینڈ سے 3 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد وائٹ واش ہونے پر جہاں سوشل میڈیا پر کپتان بابر اعظم پر تنقید شروع ہوئی اور کپتانی کے مستقبل پر چہ مگوئیاں ہوئیں تو وہیں شاہین بابر کی حمایت میں سامنے آئے اور ان کے لیے ایک ٹوئٹ کر ڈالی۔
فاسٹ بولر نے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’بابر اعظم ہماری اور پاکستان کی شان، جان اور پہچان ہے‘۔ انہوں نے ہیش ٹیگ ’سوچنا بھی منع ہے‘ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہمارا کپتان ہے اور رہے گا اور کچھ سوچنا بھی منع ہے‘۔
تاہم شاہین شاہ آفریدی کے ٹوئٹ کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں پر لازم ہے کہ وہ پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور شاہ نواز دھانی نے جس طرح بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بیانات دیے ہیں انہیں اس سے اجتناب کرنا چاہیے، ماضی میں ایسی کوئی نظیر نہیں ملتی کہ کھلاڑی کسی دوسرے کھلاڑی کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کریں۔
عبدالرزاق کے اس بیان کے بعد شاہیں شاہ آفریدی نے اپنی مذکورہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی۔ اس کے علاوہ حارث نے بھی سوچنا منع ہے کے تحت بابر کے لیے ٹوئٹ کی تھی جو اب تک ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر موجود ہے۔
اس کے علاوہ حارث رؤف نے بھی سوچنا منع ہے کے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے بابر کے لیے ٹوئٹ کی تھی جو اب تک ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر موجود ہے۔