28 دسمبر ، 2022
گوگل میپس کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد استعمال کرتے ہیں اور اس میں ایک فیچر آپ کے یا دوستوں یا رشتے داروں کے تحفظ کے لیے بہت اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
گوگل میپس میں لائیو لوکیشن ٹریکنگ کو استعمال کرکے آپ رشتے داروں کے بحفاظت منزل پر پہنچنے یا کسی جگہ ملنے کو یقینی بناسکتے ہیں۔
یہ واٹس ایپ کی لوکیشن ٹریکنگ جیسا ہی فیچر ہے مگر گوگل میپس میں زیادہ بہتر طریقے سے کام کرتا ہے، بس آپ کو اور آپ کے دوست یا رشتے دار کو ایک دوسرے کو لائیو لوکیشن ٹریکنگ کی اجازت دینا ہوتی ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے فون میں گوگل میپس کو اوپن کریں اور پروفائل پکچر پر کلک کرکے وہاں مینیو میں لوکیشن شیئرنگ کو سلیکٹ کریں۔
اس کے بعد شیئر لوکیشن پر کلک کریں گے تو گوگل میپس کی جانب سے کانٹیکٹس کو اوپن کردیا جائے گا جہاں سے مطلوبہ فرد کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
ایک بار لوکیشن شیئر کرنے کے بعد صارف کو لائیو اپ ڈیٹ ملے گی کہ اس کے دوست اب کہاں ہیں بلکہ یہ بھی دیکھنا ممکن ہوگا کہ ان کے فون کی بیٹری پاور کتنی رہ گئی ہے۔
لوکیشن شیئرنگ کے لیے مخصوص وقت کا تعین کرنا بھی ممکن ہے، یہ فیچر موبائل ایپ پر ہی کام کرے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب وہ فرد آپ کے ساتھ لوکیشن شیئر کرچکا ہو۔