31 دسمبر ، 2022
این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم بلال کے قتل کیس کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے کے دوران ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 15 دسمبر کو مسلح ڈاکوؤں نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں روڈ کے کنارے شہرام باغ ہوٹل میں بیٹھے چند افراد کو لوٹ لیا، اس دوران این ای ڈی کے طالب علم بلال نے انتہائی بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا جنہوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ایک ملزم نظام الدین کو 16 دسمبر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم جمعہ خان عرف لالی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا بتانا ہے کہ پولیس نے آج ایک مخبر کی اطلاع کے ساتھ اردو یونیورسٹی کے قریب جمعہ خان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو اس دوران ملزمان سے مقابلہ ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اپنے دفاع میں پوزیشن لینے والی پولیس نفری پر ملزمان نے سیدھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ملزم جمعہ خان عرف لالی ایس او شاہ محمد اپنے ساتھی ملزم کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول برآمد ہوا ہے، ملزم جمالی گوٹھ کا رہائشی اور سخت گیر مجرم ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 8 میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، جہانگیر نامی نوجوان کو نامعلوم ملزمان نے 3 سے 4 گولیاں ماریں، جائے وقوعہ سے خول کے علاوہ نائن ایم ایم اور 30 بور کی گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔