چلنے پھرنے کے دوران اکثر سانس پھول جانا کسی بیماری کا نتیجہ تو نہیں؟

اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں / فائل فوٹو
اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں / فائل فوٹو

کئی بار کچھ دیر چلنے کے بعد اچانک محسوس ہوتا ہے جیسے سانس پھول گیاہو یا آپ ہانپنے لگتے ہیں۔

یہ احساس پریشان کردیتا ہے مگر ضروری نہیں کہ یہ کسی خطرناک بیماری کا نتیجہ ہو۔

ہانپنے یا سانس پھولنے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں، کئی بار ایسا انزائٹی، دمہ یا موٹاپے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

کسی سنگین بیماری سے متاثر ہونے پر بھی ایسا ہوسکتا ہے مگر ایسا زیادہ عام نہیں۔

سانس پھولنا کیا ہے؟

سانس پھول جانے کے مسئلے کے لیے طبی زبان میں dyspnea کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

ایسا ہونے پر سانس لینے کے دوران عدم اطمینان کا احساس ہوتا ہے، مگر یہ احساس ہر فرد میں مختلف ہوسکتا ہے جبکہ اس کی شدت بھی الگ ہوسکتی ہے۔

یہ عارضی یا دائمی مسئلہ بھی ہوسکتا ہے۔

اگر یہ عارضی ہے تو چند گھنٹے سے چند دن کے اندر مسئلہ حل ہوجاتا ہے جبکہ دائمی شکل میں اس کی شکایت4 سے 8 ہفتوں سے زیادہ وقت تک برقرار رہ سکتی ہے۔

جسمانی سرگرمیاں جیسے چہل قدمی سے کچھ افراد کو سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوسکتا ہے۔

یہ خیال رہے کہ سانس پھولنے اور سانس لینے میں مشکلات دونوں  ایک دوسرے سے مختلف مسائل ہیں۔

اس کی چند وجوہات درج ذیل ہیں۔

انزائٹی

انزائٹی ایک عام ذہنی عارضہ ہے جس سے بھی سانس پھولنے کی علامت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

انزائٹی کے شکار افراد مسلسل گھبراہٹ کے شکار رہتے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں ہر وقت تھکاوٹ یا ہانپنے کی شکایت ہوسکتی ہے۔

انزائٹی کا علاج آسانی سے ممکن ہے اور اس حوالے سے ماہرین سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے۔

دمہ

دمہ بھی ایک عام بیماری ہے جس کی شدت ہر فرد میں مختلف ہوتی ہے۔

کچھ افراد کو دمہ کے دورے کا سامنا مخصوص حالات میں ہوتا ہے جبکہ دیگر کو چہل قدمی یا ورزش وغیرہ کے نتیجے میں اس کی شکایت ہوتی ہے۔

موٹاپا

موٹاپے کے شکار افراد میں جسمانی وزن یا چربی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ایسے افراد میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ چلنے پھرنے کے دوران سانس پھولنے جیسے مسئلے کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی

دل کی دھڑکن میں ترتیبی کے شکار افراد کو بھی سانس پھولنے کی شکایت ہوسکتی ہے۔

ایسے افراد میں دل کی دھڑکن کی رفتار بہت تیز ہوجاتی ہے یا بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے جس کے باعث چلنے پھرنے کے دوران سانس پھولنے کا سامنا ہوتا ہے۔

نمونیا

نمونیا پھیپھڑوں کا انفیکشن ہے جس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں اور اس کے شکار افراد کو بھی سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔

سی او پی ڈی

Chronic obstructive pulmonary disease (سی او پی ڈی) پھیپھڑوں کا ایسا مرض ہے جس میں لوگوں کے لیے سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے۔

عام طور پر تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں یہ عام ہوتا ہے مگر فضائی آلودگی سے بھی اس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

مسلز کی کمزوری، سینے میں کھچاؤ اور دیگر علامات کے ساتھ سانس پھول جانا بھی اس کی ایک نشانی ہوتی ہے۔

پھیپھڑوں کے دیگر امراض

پھیپھڑوں کے مختلف امراض جیسے Pulmonary embolism اور Interstitial lung disease کے شکار افراد کو بھی جسمانی سرگرمیوں جیسے چہل قدمی کے دوران سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔

خون میں آکسیجن کی سطح میں کمی

اگر خون میں آکسیجن کی سطح مخصوص حد سے کم ہوجائے تو بھی چلنے پھرنے کے دوران سانس پھولنے، سردرد اور تھکاوٹ کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟

اگر کسی فرد کو چلنے پھرنے کے دوران اکثر سانس پھولنے کے مسئلے کا سامنا ہو تو اسے مشورے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر ہی مسئلے کی وجہ کا تعین کرکے اس کے مطابق علاج تجویز کرسکتا ہے۔

اگر سانس لینا مشکل ہوجائے یا غشی طاری ہوجائے تو ضروری ہے کہ فوری طبی امداد کے لیے رجوع کیا جائے۔

مزید خبریں :