01 جنوری ، 2023
ہم سب ہی صحت مند رہنے کے خواہشمند ہوتے ہیں مگر اس حوالے سے اپنی عادات پر توجہ مرکوز نہیں کرتے۔
اگر آپ اپنی صحت کو بہتر کرنا چاہتے ہیں تو چند چھوٹی اور عام عادات سے ایسا ممکن ہے۔
2023 میں ان عادات کو اپنی زندگی کا حصہ بناکر آپ اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
سائنس نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ درج ذیل عادات صحت کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں۔
تصور کریں کہ آپ اپنے اسمارٹ فون کو پورے دن 12 فیصد بیٹری کے ساتھ چلانے کی کوشش کریں تو کیا ہوگا؟
ایسا ہی حال جسم کا نیند کی کمی سے ہوتا ہے۔
جسم کو نیند کی ضرورت خود کو ری چارج کرنے کے لیے ہی نہیں ہوتی بلکہ جب ہم سو رہے ہوتے ہیں تو ہمارا جسم متعدد اہم افعال سرانجام دیتا ہے، جیسے نئی چیزوں کو سیکھنا اور یادوں کو مستحکم بنانا وغیرہ۔
بالغ افراد کو ہر رات کم از کم 7 گھنٹوں کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے تو نئے سال میں اس کو اپنی عادت بنائیں۔
گھر سے باہر چہل قدمی سے جسم اور ذہن دونوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
روزانہ 30 منٹ کی تیز چہل قدمی سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے، جوڑوں کی تکلیف میں کمی آتی ہے جبکہ صحت مند جسمانی وزن کو برقرار رکھنا آسان ہوجاتا ہے۔
اسی طرح چہل قدمی سے ڈپریشن یا انزائٹی کی علامات کی شدت کم ہوتی ہے جبکہ ذہنی صحت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تناؤ محسوس کررہے ہیں؟ تو فون کی بجائے کسی کتاب کو اٹھا کر پڑھنا شروع کردیں۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ روزانہ 30 منٹ تک مطالعہ کرنے سے تناؤ میں نمایاں کمی آتی ہے۔
مطالعے کی عادت سے دماغی صحت کو بھی مختصر اور طویل المعیاد بنیادوں پر فائدہ ہوتا ہے۔
تناؤ میں کمی لانے اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مراقبہ کرنا بہترین ہے۔
اس کو عادت بنانا بھی کافی آسان ہے اور روزانہ بس 5 منٹ اپنی مصروفیات میں سے اس مقصد کے لیے نکالنے ہوں گے۔
تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ قدرتی مناظر میں وقت گزارنے سے دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں، توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے اور ذہنی امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اب ضروری نہیں کہ اس کے لیے شہر سے باہر کہیں گھومنے کے لیے جائیں، اپنے گھر کے قریب باغات، جھیل، دریا یا سمندر تک جانا بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
سرخ اور پراسیس گوشت کا استعمال کم کرنے کے ساتھ ساتھ سبزیوں، اجناس، گریوں اور دالوں کو زیادہ کھانا عادت بنائیں۔
یہ غذا مختلف دائمی امراض کا خطرہ کم کرے گی جبکہ جسمانی توانائی بھی بہتر ہوگی۔
چونکہ ہمارے جسم کا بیشتر حصہ پانی پر مشتمل ہے تو جسم کو اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔
مناسب مقدار میں پانی پینے سے ہمارے جسم سے کچرے کا اخراج آسان ہوتا ہے جبکہ جوڑوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
اسی طرح نظام ہاضمہ کو بھی فائدہ ہوتا ہے جبکہ قبض، سانس کی بو اور دیگر طبی مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
تمباکو نوشی کی عادت دل، پھیپھڑوں اور جسم کے متعدد حصوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔
اگر لمبی اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اس عادت سے نجات پانا ضروری ہے۔
اس عادت سے نجات پانا آسان نہیں ہوتا مگر اس کے لیے ماہرین سے مدد لی جاسکتی ہے۔
دوستوں یا رشتے داروں سے ڈیجیٹل کی بجائے حقیقی دنیا میں ملنے کو ترجیح دیں۔
اگر زیادہ دوست نہیں تو 2023 میں نئے دوست بنانے کی کوشش کریں۔
اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے شخصیت پر متعدد منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ ڈیوائسز کے کم استعمال سے اچھی نیند، ڈپریشن اور انزائٹی کی علامات کی شدت میں کمی، دوستوں سے تعلق بڑھانے میں مدد اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔
اگر ڈیوائسز کا استعمال کم کرنا ممکن نہیں تو کم از کم سونے سے ایک گھنٹے قبل اسمارٹ فون سے ضرور دوری اختیار کرلیں تاکہ نیند بہتر ہوسکے۔
کسی نئے مشغلے کو اپنانے سے تناؤ میں کمی آتی ہے جبکہ ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے۔
اب آپ کس نئے مشغلے کو اپناتے ہیں یہ آپ کی اپنی مرضی ہے مگر کچھ نیا کرنا ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے۔