Time 05 جنوری ، 2023
کھیل

شکیب الحسن کی اپنے ہی ملک کی T20لیگ پر تنقید، پی ایس ایل کی تعریف بھی کر ڈالی

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بنگلادیش پریمیئر لیگ( بی پی ایل) کا آغاز کل سے ہورہا ہے، یہ اس لیگ کا نواں ایڈیشن ہے، تاہم لیگ کے آغاز سے قبل ہی بنگلادیش کے اسٹار کھلاڑی شکیب الحسن نے اپنے ہی ملک کی لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا وہیں پاکستان سپر لیگ کی تعریف کر ڈالی۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق شکیب الحسن نے بنگلادیش پریمیئر لیگ کو ملک کے ون ڈے ٹورنامنٹ ڈھاکا پریمیئر لیگ سے بھی کمتر قرار دے دیا۔ 

شکیب الحسن کا کہنا  تھاکہ بنگلادیش پریمیئر لیگ کی مارکٹنگ بھی صحیح طریقے سے نہیں کی گئی جبکہ ملک میں کرکٹ  سب سے اہم کھیل ہے۔اس لیگ کے ڈرافٹ کا وقت بھی صحیح نہیں جس وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی اپنے نیشنل شیڈول کےباعث زیادہ میچز نہیں کھیل پاتے۔

انہوں نے کہا کہ بی پی ایل کئی ممالک میں نشر کیا جاتا ہے لیکن پھر بھی اس لیگ میں  کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس کی اہمیت پی ایس ایل اور کیریبیئن پریمیئر لیگ  سے کم  ہے۔

شکیب کے مطابق ٹیلی کاسٹ ہونے کے باوجود کوئی بھی اس ٹورنامنٹ کو نہیں دیکھتا، جب ڈومیسٹک کھلاڑی پی ایس ایل اور سی پی ایل میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں تو انہیں اپنے ملک کی جانب سے انٹرنیشنل ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے، لیکن جب وہ بی پی ایل میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں  تو ایسا نہیں ہوتا۔

رپورٹس کے مطابق جب شکیب سے پوچھا گیا کہ اگر آپ کو موقع ملے تو  آپ بنگلادیش پریمیئر لیگ کو کیسے بہتر بنائیں گے؟

کرک انفو کے مطابق  شکیب الحسن نے جواب دیتے ہویے کہا کہ اگر یہ مجھے بی پی ایل کا سی ای او بنائے تو میں ایک دو ماہ میں اسے ٹھیک کرسکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے بالی وڈ فلم نائک دیکھی ہے؟ اگر آپ کچھ کرنا چاہتے ہیں تو آپ ایک دن میں بھی کرسکتے ہیں۔

شکیب نے کہا کہ میں بی پی ایل کا ڈرافٹ اور کھلاڑیوں کی آکشن( بولی) وقت پر کراؤں گا،میں ساری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کو بہتر طریقے سے نشر کروں گا۔کوشش کروں گا بی پی ایل کا انعقاد اس وقت کیا جائے جب دوسری لیگ ختم ہوچکی ہوں، تاکہ کھلاڑی یہاں کھیلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے آج تک بی پی ایل میں ڈی آر ایس سسٹم استعمال نہ کرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

مزید خبریں :