07 جنوری ، 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پارلیمنٹ حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بریت کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
اسلام آبادہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے پیر کو اپیل سماعت کیلئے مقرر کی ہے اور اپیل پر جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس سرداراعجازاسحاق خان سماعت کریں گے۔
وفاق نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے اپیل دائر کر رکھی ہے جس میں عمران خان، پرویزخٹک اور دیگر کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
وفاق کی اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے، ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فیصلہ کیا، عمران خان کے ارتکابِ جرم کے کافی دستاویزی اور ویڈیوز ریکارڈ پرہیں، عدالت نے عینی شاہدین کے بیانات کو نظرانداز کرکےعمران خان کوبری کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹرزنے خلاف قانون عمران خان کی بریت کی حمایت کی لہٰذا عدالتی فیصلہ کالعدم قراردیا جائے،
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے29 اکتوبر2020 کوعمران خان و دیگر کی بریت کا فیصلہ دیاتھا۔