Time 10 جنوری ، 2023
کھیل

’امی کو کرکٹ کا نہیں پتا تھا‘، 5 وکٹیں لینے پر نسیم کا والدہ مرحومہ کیلئے جذباتی پیغام

جب میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی تب میری والدہ کو کرکٹ کے حوالے سے زیادہ کچھ نہیں پتا تھا: نسیم شاہ/ فوٹو ٹوئٹر
جب میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی تب میری والدہ کو کرکٹ کے حوالے سے زیادہ کچھ نہیں پتا تھا: نسیم شاہ/ فوٹو ٹوئٹر

قومی بولر نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں وکٹیں لے کر جہاں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا وہیں اپنی پرفارمنس کے ذریعے اپنی مرحوم والدہ سے کیا وعدہ بھی پورا کردیا۔

پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نسیم شاہ کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’جب میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی شروع کی تھی تب میری والدہ کو کرکٹ کے حوالے سے زیادہ کچھ نہیں پتا تھا لیکن میں نے ان سے کہا تھا کہ میں جب بھی 5 آؤٹ کروں گا آپ کے نام کروں گا اور آپ  اس دن مجھے ٹی وی پر دیکھ کر بہت خوش ہوں گی‘۔

 فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے وہ آج مجھے دیکھ نہیں سکتیں لیکن آج تک والدہ ہر سیکنڈ میرے ذہن میں رہتی ہیں اور میں یہ پرفارمنس انہی کے نام کروں گا، میں پرفارم کروں یا نہ کروں مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں والدہ سے بات کررہا ہوں‘۔

پاکستان کی جیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ ’ہر میچ میں بولنگ کو انجوائے کرتا ہوں تاہم  پہلے اوور میں وکٹس اعتماد بڑھاتی ہے لیکن ہم صرف کوشش کرتے ہیں نتیجہ اللہ کی طرف سے آتاہے ، اگر ہیٹ ٹرک نصیب میں ہوئی تو ضرور ہوگی، ٹیسٹ فارمیٹ کی وجہ سے میرے لیے ون ڈے کی بولنگ آسان ہوئی اب کوشش ہے کہ ون ڈے بولنگ میں بہتری لاکر بہترین بولر بن جاؤں‘۔

دوسری جانب میچ کے بعد ٹوئٹر پر مین آف دی میچ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے نسیم شاہ نے لکھا’   پاکستان کی جیت سب سے خوبصورت احساس ہے، پرفارمنس کا مزہ ہی تب ہے ، بابر اعظم ، محمد رضوان ، محمد وسیم جونیئر اور نواز سمیت ہر ایک نے اس میں اپنا کردار ادا کیا، یہ ٹیم کی محنت ہے ‘۔

نسیم نے اپنی ٹوئٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے بولر اسامہ میر کو بھی سراہا اور لکھا کہ سب کی نظریں اب اگلے میچ پر ہیں۔

مزید خبریں :