Time 11 جنوری ، 2023
دنیا

مجھے صرف اس لیے پیدا کیا گیا کہ ولیم کو اپنے اعضا عطیہ کر سکوں: شہزادہ ہیری

شہزادے ہیری نے لکھا کہ خاندان میں انہیں اور ان کے بھائی کو ’ہیئر اینڈ دی اسپیئر‘ (heir and the spare) سمجھا جاتا تھا— فوٹو: فائل
شہزادے ہیری نے لکھا کہ خاندان میں انہیں اور ان کے بھائی کو ’ہیئر اینڈ دی اسپیئر‘ (heir and the spare) سمجھا جاتا تھا— فوٹو: فائل

شہزادے ہیری نے اپنی تہلکہ خیز سوانح حیات میں اپنے بھائی شہزادہ ولیم کے ساتھ اپنے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں صرف اس لیے پیدا کیا گیا کہ وہ شاہی وارث شہزادہ ولیم کیلئے بوقت ضرورت اپنے اعضا عطیہ کرسکیں۔

حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی سوانح حیات ’اسپیئر‘ میں بیتے لمحوں کے تلخ تجربات کا تذکرہ کرتے ہوئے شہزادے ہیری نے لکھا کہ خاندان میں انہیں اور ان کے بھائی کو ’ہیئر اینڈ دی اسپیئر‘ (heir and the spare) سمجھا جاتا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ انہیں اس دنیا میں صرف ایک مقصد کیلئے لایا گیا تھا اور پیدائش کے بعد ان کا صرف ایک ہی مشن تھا کہ شاہی خاندان کے وارث شہزادے ولیم کے ساتھ اگر  کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آجائے تو وہ انہیں، گردے، خون یا بون میرو عطیہ کر سکیں۔

شہزادے ہیری نے مزید لکھا کہ ’ہیئر‘ اور ’اسپیئر‘ کا تصور زندگی بھر ان سے چمٹا رہا ہے، انہیں بچپن میں ہی واضح کر دیا گیا تھا کہ وہ صرف اس لیے پیدا ہوئے ہیں کہ اگر ان کے بھائی کو کچھ ہو جائے تو وہ ان کے کام آ سکیں۔

انہوں نے لکھا کہ جب میں 20 سال کا تھا تو اپنی پیدائش کے وقت کے حوالے سے ایک کہانی سنی کہ جب میں پیدا ہوا تو میرے والد کنگ چارلس نے مبینہ طور پر میری والدہ لیڈی ڈیانا سے کہا کہ، زبردست! آپ نے مجھے تخت کا وارث (ہیئر) پہلے ہی دے دیا تھا اب ’اسپیئر‘ بھی دے دیا، میں نے اپنا کام کر دیا ہے۔

جب میں پیدا ہوا تو میرے والد کنگ چارلس نے مبینہ طور پر میری والدہ لیڈی ڈیانا سے کہا کہ، زبردست! آپ نے مجھے تخت کا وارث (ہیئر) پہلے ہی دے دیا تھا اب ’اسپیئر‘ بھی دے دیا، میں نے اپنا کام کر دیا ہے: شہزادہ ہیری — فوٹو: فائل
جب میں پیدا ہوا تو میرے والد کنگ چارلس نے مبینہ طور پر میری والدہ لیڈی ڈیانا سے کہا کہ، زبردست! آپ نے مجھے تخت کا وارث (ہیئر) پہلے ہی دے دیا تھا اب ’اسپیئر‘ بھی دے دیا، میں نے اپنا کام کر دیا ہے: شہزادہ ہیری — فوٹو: فائل

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری کی سوانح حیات 'اسپیئر ' باضابطہ طور پر فروخت کیلئے پیش کیے جانے کے بعد برطانیہ کی سب سے تیزی سے بکنے والی نان فکشن کتاب بن گئی ہے۔

پبلشر کے مطابق برطانیہ میں اشاعت کے پہلے ہی روز ہارڈ بک، ای بُک، آڈیو سمیت کتاب کی اب تک 4 لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکیں ہیں جبکہ یہ کتاب پہلے ہی آن لائن بیسٹ سیلر قرار دی جا چکی ہے۔

410 صفحات کی یہ کتاب دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کی جائے گی جس میں شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

مزید خبریں :