Time 15 جنوری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کے امیرترین افراد میں شامل بل گیٹس کس اسمارٹ فون کو استعمال کرتے ہیں؟

بل گیٹس / فائل فوٹو
بل گیٹس / فائل فوٹو

بل گیٹس برسوں تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے اور اب بھی بلومبرگ کے مطابق 111 ارب ڈالرز کے ساتھ 5 ویں امیر ترین فرد ہیں۔

مگرسوال یہ ہے کہ وہ کونسا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں ، کیا وہ ایپل کا کوئی آئی فون ہے یا انہیں کوئی اینڈرائیڈ فون پسند ہے۔

ویسے یاد رہے کہ اب تو مائیکرو سافٹ بھی سرفیس ڈو اکے نام سے اینڈرائیڈ اسمارٹ فون فروخت کررہی ہے اور بل گیٹس نے ہی اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔

بل گیٹس نے حال ہی میں بتایا کہ وہ کس آپریٹنگ سسٹم سے لیس اسمارٹ فون کو استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ میں سوالات کے ایک سیشن کے دوران بل گیٹس نے بتایا کہ وہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم والے ایک فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فولڈ 4 کو استعمال کررہے ہیں۔

یہ فون لینے کے لیے وہ خود جنوبی کوریا گئے اور سام سنگ کمپنی کے چیئرمین نے انہیں یہ نیا فون دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس فولڈ ایبل فون کی اسکرین اتنی بڑی ہے کہ انہیں ٹیبلیٹ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں رہی اور اب وہ صرف اینڈرائیڈ پر چلنے والے اسمارٹ فون اور ایک ونڈوز پورٹ ایبل کمپیوٹر پر انحصار کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ آخر وہ آئی فون پر اینڈرائیڈ کو ترجیح کیوں دیتے ہیں مگر اس سوال کا جواب انہوں نے 2021 میں دیا تھا۔

اس موقع پر بل گیٹس نے کہا تھا کہ اب آئی فون ان کو پسند نہیں بلکہ وہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو ترجیح دیتے ہیں جس میں سافٹ وئیر کے حوالے سے لچکدار سوچ اپنائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ اینڈرائیڈ کمپنیاں مائیکرو سافٹ کے مختلف سافٹ وئیرز پہلے سے انسٹال کردیتی ہیں جس سے انہیں اپنا کام کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ کا سرفیس ڈو 2 بھی ایک طرح کا فولڈ ایبل فون ہے مگر پھر بھی بل گیٹس کسی اور کمپنی کے تیار کردہ فون کو ترجیح دیتے ہیں۔

مزید خبریں :