دنیا
Time 17 جنوری ، 2023

2023 میں ایل نینو کی واپسی سے موسمیاتی شدت میں تشویشناک اضافے کا انتباہ

سائنسدانوں نے یہ انتباہ کیا / رائٹرز فوٹو
سائنسدانوں نے یہ انتباہ کیا / رائٹرز فوٹو

اگر آپ کے خیال میں 2022 میں موسم بہت زیادہ گرم رہا تھا تو 2023 اس سے بھی زیادہ تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ہمارے سیارے کو ایل نینو لہر کا سامنا ہوگا۔

ایل نینو ایک ایسا موسمیاتی رجحان ہے جس کے نتیجے میں بحرالکاہل کے پانی کا بڑا حصہ معمول سے کہیں زیادہ گرم ہوجاتا ہے اور زمین کے مجموعی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے سائنسدانوں نے انتباہ کیا ہے کہ 2023 میں کسی وقت ایل نینو کی واپسی ہوگی جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں موسمیاتی شدت میں اضافہ ہوگا اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ اضافہ ہوجائے۔

ابھی 2016 کو دنیا کا گرم ترین سال قرار دیا جاتا ہے اور اس برس ایل نینو نے درجہ حرارت میں اضافے میں کردار ادا کیا تھا۔

گزشتہ 3 سال کے دوران لا نینا لہر دیکھنے میں آئی تھی جو کسی حد تک موسم کو سرد رکھتی ہے۔

یہ پیشگوئی پہلے ہی سامنے آچکی ہے کہ رواں سال 2023 کے مقابلے میں زیادہ گرم ثابت ہوسکتا ہے۔

2022 کو تاریخ کا 5 واں گرم ترین سال قرار دیا گیا تھا مگر ایل نینو لہر سال کے وسط سے شروع ہونے کا امکان ہے تو اس سے بڑھنے والے درجہ حرارت کے اثرات مہینوں تک محسوس ہوں گے جس کا مطلب ہے کہ 2024 میں عالمی درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ بن سکتا ہے۔

صنعتی عہد کے مقابلے میں اس وقت عالمی درجہ حرارت میں 1.2 سینٹی گریڈ اضافہ ہوچکا ہے جس کے تباہ کن اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جارہے ہیں۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے عہدیدار پروفیسر ایڈم اسکائف نے بتایا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ایل نینو کی نئی لہر کے نتیجے میں درجہ حرارت میں اضافہ 1.5 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایل نینو لہر کے اثرات بھی پہلے سے زیادہ تباہ کن ہوں گے اور ہیٹ ویوز کی شرح ایسی ہوسکتی ہے جس کی مثال تاریخ میں موجود نہیں ہوگی۔

ماہرین کے مطابق آج ہم عام طور پر جس موسم کو گرم تصور کرتے ہیں وہ مستقبل میں اوسط سمجھا جائے گا، مگر سوال یہ ہے کہ مستقبل میں ہم جس موسم کو 'گرم' کہیں گے اس کی کیا تشریح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایل نینو کے بارے میں ابھی زیادہ کہنا ممکن نہیں مگر بیشتر موسمیاتی پیشگوئیوں میں کہا گیا ہے کہ 2023 کے موسم گرما سے اس کا معتدل شدت سے آغاز ہوسکتا ہے، اس حوالے سے جون تک تصویر واضح ہوجائے گی۔

مزید خبریں :