Time 19 جنوری ، 2023
پاکستان

پیپلز پارٹی دوبارہ گنتی کے نام پر دھاندلی کرنا چاہتی ہے: حافظ نعیم

الیکشن کمیشن تمام مواد آر اوز سے لے کر اپنے پاس منگوائے، ہم اپنےنمبرز بڑھوانا نہیں چاہ رہے ہیں بس جس کا جو مینڈیٹ ہے تسلیم کیا جائے: امیر جماعت اسلامی کراچی/ فائل فوٹو
الیکشن کمیشن تمام مواد آر اوز سے لے کر اپنے پاس منگوائے، ہم اپنےنمبرز بڑھوانا نہیں چاہ رہے ہیں بس جس کا جو مینڈیٹ ہے تسلیم کیا جائے: امیر جماعت اسلامی کراچی/ فائل فوٹو

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی دوبارہ گنتی کے نام پر قبضہ کرکے دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 25فیصد سے زائد رہا،  4 مرتبہ بلدیاتی اعلان ہوکر الیکشن ملتوی ہوا، آخری لمحوں تک لوگوں کو کنفیوژن میں ڈالا تاکہ لوگوں کی بڑی تعداد ووٹ نہ ڈالے، الیکشن والے دن نہ عملہ تھا نہ وقت پر پولنگ شروع ہوئی، جب پولنگ ختم ہوئی، فارم 11 اور  12 نہیں دیاجارہا تھا ، پوسٹ پول دھاندلی کرائی گئی اور پریذائیڈنگ افسر کو اپنی مرضی کے نتائج کیلئے تقرر کیاگیا۔

حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ جن سیٹوں کا کیس الیکشن کمیشن میں گیا ہے اس کے تھیلے بھی منگوائے جائیں، اب دوبارہ گنتی کی درخواست پر تھیلے اور سیلیں کھلی ہوئی ملتی ہیں، جو ہمارے ووٹ تھے ان بیلٹ پیپرز  پر مہریں نہیں تھیں، آر او کی نگرانی میں پریذائیڈنگ افسران نے دھاندلی کی، جب کچھ نہیں بنتا تو جس بیلٹ پیپر پر ترازو  پرمہر ہوتی ہے یہ وہاں دوسرےنشان پربھی ٹھپا لگا دیتے ہیں، یہ پوسٹ پول دھاندلی کی جارہی ہے اور نتیجہ تبدیل کیا جارہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس ری کاؤنٹنگ پر اعتماد نہیں، اتنی کوششوں کے بعد الیکشن ہوا وہ بھی مسائل کا شکار رہا، الیکشن کمیشن کے عملے سے تکلیف نہیں، یہ جو جعلسازی ہےآر اوز کی  ہے، ہماری شکایات پر الیکشن کمیشن نوٹس لے اور اس پورے عمل کو روکا جائے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تمام مواد آر اوز سے لے کر اپنے پاس منگوائے، ہم اپنےنمبرز بڑھوانا نہیں چاہ رہے ہیں بس جس کا جو مینڈیٹ ہے تسلیم کیا جائے، یہ دوبارہ گنتی کے نام پر قبضہ کرکے دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، دوبارہ گنتی کراکر پیپلزپارٹی اپنے ہی نمبرز آگے بڑھانے کی کوشش کررہی ہے، پیپلزپارٹی کو ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :