20 جنوری ، 2023
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے سروگیسی کے ذریعے بیٹی کی پیدائش پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو ان کی میڈیکل ہسٹری پبلک کرنے کا کوئی حق نہیں۔
معروف برطانوی فیشن میگزین ووگ کے فروری 2023 کے سرورق کے لیے پریانکا اور ان کی بیٹی مالتی میری کی تصویر کا انتخاب کیا گیا ہے جس کی تصویر پریانکا نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔
حال ہی میں ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں ہی پریانکا نے بیٹی مالتی کی سروگیسی کے ذریعے پیدائش پر بھی بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مجھے طبی پیچیدگیاں تھیں اور یہی وجہ تھی کہ ہم نے سروگیسی کا فیصلہ کیا اور میں شکر گزار ہوں کیوں کہ میں اس پوزیشن میں تھی کہ میں سروگیسی کا فیصلہ کرسکی ، ہماری سیروگیٹ بے حد رحم دل اور نرم مزاج تھی جس نے ہمارے اس قیمتی تحفے کی 6 ماہ تک حفاظت کی۔
پریانکا نے کہا کہ لوگوں کو ان کی میڈیکل ہسٹری پبلک کرنے کا کوئی حق نہیں کیوں کہ وہ نہیں جانتے کہ وہ کس حال سے گزری ہیں، آپ مجھے نہیں جانتے اور نہ ہی آپ یہ جانتے ہیں کہ میں کن حالات سے، گزری میں اپنی اور بیٹی کی میڈیکل ہسٹری بھی شیئر نہیں کرنا چاہتی، اسی لیے لوگوں کو بھی یہ حق نہیں کہ وہ اس پر بات کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں نک جونس اور پریانکا چوپڑا کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی ۔