Time 22 جنوری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

فیس بک، میسنجر اور انسٹاگرام سیٹنگز کو اب ایک ہی جگہ تبدیل کرنا ممکن

میٹا نے ایک اکاؤنٹس سینٹر متعارف کرایا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا
میٹا نے ایک اکاؤنٹس سینٹر متعارف کرایا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا نے انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر کو ضم کرنے کے حوالے سے اہم پیشرفت کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے ایک نیا اکاؤنٹس سینٹر متعارف کرایا گیا ہے جس کے نتیجے میں انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر اکاؤنٹس کی سیٹنگز ایک ہی جگہ تبدیل کرنا ممکن ہوجائے گا۔

آسان الفاظ میں آپ اپنے تمام میٹا اکاؤنٹس کو ایک ہی جگہ کنٹرول کرسکیں گے۔

یہ نیا اکاؤنٹس سینٹر فیس بک، انسٹاگرام اور میسنجر کے سیٹنگز مینیو میں موجود ہوگا۔

اس طرح آپ اپنے فیس بک اکاؤنٹ کی سیٹنگز انسٹاگرام میں رہ کر بدل سکیں گے یا فیس بک میں رہتے ہوئے انسٹاگرام اکاؤنٹ سیٹنگز تبدیل کرسکیں گے۔

صارفین ذاتی تفصیلات، پاس ورڈز، سکیورٹی، اشتہاری ترجیحات اور ادائیگیوں سے متعلق سیٹنگز کو اس اکاؤنٹس سینٹر میں بدل سکتے ہیں۔

میٹا کی جانب سے آپ کے تمام اکاؤنٹس کو بائی ڈیفالٹ اکاؤنٹس سینٹر کا حصہ نہیں بنایا جائے گا بلکہ آپ کو خود ایسا کرنا ہوگا۔

کمپنی کے مطابق صارف اس اکاؤنٹس سینٹر میں شامل کیے گئے اپنے کسی بھی اکاؤنٹ کو نکال سکے گا۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ اشتہارات کی سیٹنگز ہر ایپ میں یکساں ہونا ضروری ہے۔

یہ نئی تبدیلی متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور فیس بک، میسنجر اور انسٹاگرام کے تمام صارفین تک اس کی رسائی آنے والے مہینوں میں ممکن ہوگی۔

خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے اکاؤنٹس سینٹر کو سب سے پہلے 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اس وقت زیادہ آپشن فراہم نہیں کیے گئے تھے۔

بعد ازاں 2022 میں انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس پر سوئچ کرنا آسان بنایا گیا اور اب اس سینٹر کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔

میٹا نے بتایا کہ مستقبل میں مزید سیٹنگز کو اکاؤنٹس سینٹر کا حصہ بنایا جائے گا۔

مزید خبریں :