کون شاہ رخ خان؟ آسام کے وزیراعلیٰ کا اداکار کو پہچاننے سے انکار

فلم پٹھان 25 جنوری کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی/فوٹوفائل
 فلم پٹھان 25 جنوری کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی/فوٹوفائل

بھارتی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔

بھارت میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی نمائش پر تنازع کا سلسلہ جاری ہے، جمعے کے روز بھارتی سنیما (جہاں فلم پٹھان کی نمائش کی جانی تھی) میں فلم پٹھان کے پوسٹر کے پھاڑ دیے گئے تھے، یہی نہیں مظاہرین نے سنیما کے باہر فلم پٹھان کو آگ بھی لگائی تھی۔

اس حوالے سے جب میڈیا نمائندگان کی جانب سے آسام کے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا گیا تو پہلے تو انھوں نے شاہ رخ کو پہچاننے سے ہی انکار کردیا اور سوال کیا کہ کون شاہ رخ ؟ کون سی فلم پٹھان؟ اس کے بعد کہا کہ خان نے مجھے فون نہیں کیا، حالانکہ بالی وڈ کے بہت سے ایسے مسئلوں میں انھیں کالز کی جاتی ہیں، اگر شاہ رخ نے رابطہ کیا تو ایسا کرتے ہیں تو میں اس معاملے کو دیکھوں گا، انھوں نے مزید کہا آسام کے لوگوں کو ہندی کے بجائے آسام کی فلم کی فکر کرنی چاہیے۔

ہمانتا بسوا سرما کے بیان کے بعد شاہ رخ خان کی جانب سے وزیراعلیٰ کو کال کردی گئی اور پھر اگلی صبح وزیراعلیٰ آسام نے بتایا کہ شاہ رخ نے مجھے کال کی اور گوہاٹی میں فلم کی اسکریننگ کے دوران ہونے والے تنازع پر خدشات کا اظہار کیا، جس کے بعد شاہ رخ کو مظاہرین کے خلاف کارروائی کے ساتھ ایسے واقعات مستقبل میں نہ ہونے کی یقین دہائی کروائی ہے۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور  دیپیکا پڈوکون کی فلم پٹھان 25 جنوری کو بھارت بھر میں ریلیز کی جائے گی تاہم کچھ ریاستوں میں سنیما مالکان نے فلم کی ریلیز کے لیے سکیورٹی مانگ لی ہے۔

مزید خبریں :