کھیل
Time 23 جنوری ، 2023

رچرڈز، پونٹنگ، کوہلی اور بابر میں سے نمبر 3 کا بہترین بیٹر کون؟

آئس لینڈ کرکٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بہترین نمبر 3 بیٹرز سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا۔ فوٹو فائل
آئس لینڈ کرکٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بہترین نمبر 3 بیٹرز سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا۔ فوٹو فائل 

کرکٹ سے محبت کرنے والوں میں ہر کسی کا پسندیدہ کھلاڑی مختلف ہو سکتا ہے لیکن شاید ہی کوئی ایسا ہو جو ویسٹ انڈین لیجنڈ سر ویون رچرڈز، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ، بھارتی بیٹر ویرات کوہلی اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے بارے میں نہ جانتا ہو اور ان کی بیٹنگ کا معترف نہ ہو۔

رکی پونٹنگ آسٹریلیا کی بہترین تصور کی جانے والی ون ڈے ٹیم میں سے ایک تھے اور انہوں نے کئی بار اپنی دلکش بیٹنگ سے کینگروز کو میچز جتوائے جن میں سے ایک 2003 کا ورلڈکپ تھا جس میں انہوں نے بھارت کے خلاف 121 گیندوں پر 140 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ویرات کوہلی کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں، وہ کافی عرصے تک آؤٹ آف فارم رہنے کے بعد کچھ عرصہ قبل ہی فارم میں واپس آئے ہیں اور اب ان کا بلا خوب رنز اگل رہا ہے، اور وہ سچن ٹنڈولکر کی 49 سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرنے سے صرف 3 اننگز کے فاصلے پر ہیں۔

اس کے علاوہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے والے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی اپنی کلاس ہے اور ان کے دلکش اسٹروکس کی دنیا معترف ہے اور وہ ون ڈے میں اب تک 17 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے والا ایک اور نام ویون رچرڈز ہے جنہوں نے اپنا آخری ون ڈے 1991 میں کھیلا تھا لیکن وہ اپنے انفرادی بیٹنگ اسٹائل اور اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔

سر ویون رچرڈز طویل عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے کے باوجود آج بھی کرکٹ فین کے دلوں پر راج کرتے ہیں، وہ فاسٹ بولرز کو پل اور ہک شارٹس کھیلنے کی وجہ سے خاصے مشہور تھے اور انہوں نے اپنے ون ڈے کیرئیر میں 11 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

نمبر تین پر بیٹنگ کرنے والے بہترین کھلاڑیوں کے حوالے سے آئس لینڈ کرکٹ نے سوشل میڈیا صارفین سے ایک سوال پوچھا کہ ویون رچرڈز، رکی پونٹنگ، ویرات کوہلی اور بابر اعظم میں سے کون بہترین کھلاڑی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے موجودہ اور ماضی قریب کے بہترین کھلاڑیوں کو چھوڑ کر نمبر 3 کا بہترین بیٹر سابق ویسٹ انڈین بلے باز ویون رچرڈ کو قرار دیا۔

انٹر نیٹ صارفین کی جانب سے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو دوسرا نمبر دیا گیا جبکہ رکی پونٹنگ تیسرے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر رہے۔

مزید خبریں :