Time 24 جنوری ، 2023
کھیل

'سعودی عرب میں فری کک پر میرے گول کو فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ملائے جانے پر فخر ہے'

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ماریہ خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں فری کک پر ان کے گول کو فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ملائے جانے پر فخر ہے ۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری فیملی نے اسپورٹس میں حصہ ڈالا ہے اور اب میں اسکواش سے ہٹ کر فٹبال میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہوں۔

ماریہ خان نے کہا کہ سعودی عرب میں چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، مجھے، ساتھی کھلاڑیوں اور اسٹاف کو  وہاں کھیل کر تجربہ حاصل ہوا ، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے کھیل کی تعریفیں ہوئیں ، سب سے مثبت بات یہ ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کو توجہ ملی ، امید ہے کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی توجہ ہمیں ملے گی۔

'فری کک ملی تو میرے ذہن میں تھا کہ بس ٹارگٹ پر کک مارنی ہے'

ماریہ خان کہتی ہیں کہ میں فخر محسوس کر رہی ہوں کہ میرے گول کو عظیم کھلاڑیوں کے گول کے ساتھ ملایا جا رہا ہے ، جب فری کک ملی تو میرے ذہن میں تھا کہ بس ٹارگٹ پر کک مارنی ہے ، میں نے دیکھاکہ گول کیپر نے اسٹارٹ لینا شروع کر دیا ، میرا تھا کہ میں نے ٹارگٹ پر کک مارنا ہے ، آگے دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے ، جب گول ہو گیا تو اس کو سراہا گیا مجھے ورلڈ گریٹس کے ساتھ نام لیے جانے کی خوشی ہے ، کوشش ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے ایسے گول کر سکوں۔

انہوں نے کہا کہ  میں دبئی میں رہائش پذیر ہوں ، کام کے ساتھ فٹبال بھی کھیلتی ہوں۔

خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں میزبان سعودی عرب کے خلاف فری کک پر کیے جانے والے ماریہ خان کے گول کو بڑی پزیرائی مل رہی ہے ، اس گول کی وجہ سے پاکستان ویمن ٹیم میچ برابر کرنے میں نہ صرف کامیاب ہو ئی بلکہ ایونٹ میں دوسری پوزیشن بھی حاصل کی، ماریہ خان کو پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ، ماریہ خان اسکواش کے سابق عالمی چیمپئین ہاشم خان کی نواسی ہیں، ہاشم خان نے سات بار برٹش اوپن کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید خبریں :