انگلش کرکٹر عادل رشید اور ہیری بروک پی ایس ایل 8 میں شرکت نہیں کریں گے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

انگلینڈ کے لیگ اسپنر عادل رشید اور جارح مزاج بیٹر ہیری بروک پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے 8ویں ایڈیشن میں شرکت نہیں کریں گے۔

انگلینڈ کے عادل رشید اور ہیری بروک اس سال پاکستان سپر لیگ کے دوران ایکشن میں نہیں ہوں گے، ان کے علاوہ دیگر 16 پلیئرز بھی اپنی اپنی انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے ٹیموں کو جزوی طور پر دستیاب ہوں گے، ٹیمیں ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں ان پلیئرز کا متبادل چنیں گی۔

باخبر ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے عادل رشید ملتان سلطانز کو دستیاب نہیں ہوں گے، وہ انگلینڈ کی کمٹمنٹ اور اس سے قبل آرام کی وجہ سے اس سال پی ایس ایل نہیں کھیل پائیں گے جبکہ ہیری بروک لاہور قلندرز کو دستیاب نہیں ہوں گے تاہم فرنچائز پر امید ہے کہ انگلش کرکٹر ایک میچ کھیل لیں ۔ 

دوسری جانب 16 دیگر کرکٹرز انٹرنیشنل اور دیگر مصروفیات کی بنیاد پر جزوی طور پر عدم دستیاب ہوں گے، افغانستان کے راشد خان اور انگلینڈ کے جارڈن کاکس ابتدائی تین میچز نہیں کھیل پائیں گے، قلندرز بدھ کو ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں ان کا متبادل چنیں گے۔

اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جزوی طور پر عدم دستیاب رہنے والے ایلیکس ہیلز، رحمٰن گرباز، فضل فاروقی اور معین علی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہسارانگا، جیسن روئے ، نوین الحق اور اوڈین اسمتھ، پشاور زلمی راومن پاول اور مجیب الرحمٰن جبکہ ملتان ڈیوڈ ملر، اکیل حسین اور ٹم ڈیوڈ کے متبادل پلیئرز  ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں چنیں گی۔

 واضح رہے کہ ٹیموں نے جزوی دستیاب پلیئرز کو ابتدائی ڈرافٹ میں اس لیے پک کیا تھا کیوں کہ اس کی بنیاد پر وہ انہیں اگلے سیزن میں برقرار رکھ پائیں گے، ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں پک ہونے والا پلیئر اگلے سیزن کیلئے اسکواڈ میں ری ٹین نہیں ہوسکتا۔

پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے شروع ہوگا۔

مزید خبریں :