ایلون مسک نے اپنا نام 'تبدیل' کرلیا

ایلون مسک / فائل فوٹو
ایلون مسک / فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک اپنے عجیب بیانات اور اقدامات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

اب انہوں نے اپنا نام تبدیل کرلیا ہے، کم از کم ٹوئٹر کی حد تک۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اپنا نام تبدیل کرکے مسٹر ٹوئٹ رکھ لیا ہے۔

گزشتہ دنوں ٹیسلا کے حوالے سے 2018 کی ٹوئٹس پر دائر مقدمے کی سماعت کے دوران ایک وکیل نکولس پوریٹ نے غلطی سے ایلون مسک کو مسٹر ٹوئٹ کہہ دیا تھا۔

بعد ازاں وکیل نے کہا کہ ایسا زبان پھسل جانے کی وجہ سے ہوا مگر عدالت میں موجود ایلون مسک نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکنہ طور پر درست وضاحت ہے۔

اب ایلون مسک نے ٹوئٹر پر اپنا نام تبدیل کرکے مسٹر ٹوئٹ رکھتے ہوئے کہا کہ اب وہ پرانے ڈسپلے نام کو واپس حاصل نہیں کرسکیں گے۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے اپنا نام بدل کر مسٹر ٹوئٹ رکھ لیا ہے اور اب ٹوئٹر سے انہیں دوبارہ نام بدلنے کی اجازت نہیں ملے گی۔

اس کیپشن کے ساتھ انہوں نے ہنسی کا ایموجی بھی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ڈسپلے ناموں کو لاک کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

اس حوالے سے کچھ ہفتے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جن ٹوئٹر اکاؤنٹس کو ماضی میں ویری فائی کیا گیا تھا وہ ایپ میں اپنا ڈسپلے نام تبدیل نہیں کرسکتے۔

اس تبدیلی کا مقصد ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس متعارف کرانے پر معروف شخصیات کے نام سے اکاؤنٹس بنانے والوں کی روک تھام کرنا تھا۔

مزید خبریں :