27 جنوری ، 2023
بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی کی فیملی نے اتھیا شیٹی اور کے ایل راہول کی شادی میں ملنے والے مہنگے ترین تحائف کی خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا نے 2 روز قبل جوڑے کو شادی پر ملنے والے مہنگے تحائف کی تفصیلات جاری کی تھیں جس میں بتایا گیا تھا کہ اداکار سنیل شیٹھی اور ان کی اہلیہ مانا شیٹھی نے بیٹی اور داماد کو ممبئی میں50 کروڑ بھارتی روپے مالیت کا اپارٹمنٹ دیا۔
اسی طرح سابق کپتان ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے 2 کروڑ 17 لاکھ روپے بھارتی مالیت کی بی ایم ڈبلیو گاڑی ،سابق کپتان ایم ایس دھونی نے 80 لاکھ بھارتی مالیت کی ننجا بائیک، سلمان خان نے ایک کروڑ 64 لاکھ روپے بھارتی مالیت کی کار، جیکی شروف نے 30 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور ارجن کپور نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا ڈائمنڈبریسلٹ دیا ہے۔
اب بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیٹی خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شائع کی گئی تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، ہماری میڈیا سے درخواست ہے کہ ایسی کوئی بھی خبر شائع کرنے سے پہلے ہم سے تصدیق کرلیں۔
واضح رہے کہ کے ایل راہول اور اتھیا شیٹھی کی شادی رواں ہفتے ممبئی میں ہوئی تھی۔