Time 27 جنوری ، 2023
کاروبار

انسدادِ ربا اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس، اسحاق ڈار نے سودی نظام کے خاتمے کا عزم دہرایا

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ پانچ سالوں میں ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کر دیاجائے گا اور اسلامک فنانسنگ رائج ہو جائے گی— فوٹو: وزارت خزانہ
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ پانچ سالوں میں ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کر دیاجائے گا اور اسلامک فنانسنگ رائج ہو جائے گی— فوٹو: وزارت خزانہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ پانچ سالوں میں ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کر دیاجائے گا اور اسلامک فنانسنگ رائج ہو جائے گی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی شریعت عدالت کے انسدادِ ربا فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے گورنر اسٹیٹ بینک کی سود سے پاک اسلامک فنانسنگ سسٹم کے عمل درآمد کے روڈ میپ کی تیاری کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی طرف سے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کو بھی سراہا۔

وزیر خزانہ نے حکومت کی اسلامی فنانس کو فروغ دینے کی ترجیح پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے کمیٹیوں میں اسلامی قانون کے ماہرین کو بھی رکھنے پر زور دیا  اور اضافی سکوک بانڈز جاری کرنے کیلئے علماء اور اسلامی دانشوروں سے مشورہ کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے شرکاء کو وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کے روڈ میپ پر بریفنگ دی۔

گورنر  اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ فیصلے پر عمل درآمد کیلئے پانچ ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں۔