03 فروری ، 2023
فیس بک کو دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک قرار دیا جاتا ہے مگر کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ روزانہ کتنے افراد اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہیں۔
فیس بک کو 19 سال ہوگئے ہیں مگر اس کو استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں اب بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پہلی بار اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو روزانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 ارب ہوگئی ہے۔
2022 کی چوتھی سہ ماہی کی آمدنی تفصیلات جاری کرتے ہوئے میٹا نے بتایا کہ اکتوبر سے دسمبر 2022 کے دوران فیس بک صارفین کی تعداد میں ایک کروڑ 60 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد روزانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک میٹا کی زیرملکیت پہلی سروس نہیں جس کے روزانہ صارفین کی تعداد 2 ارب تک پہنچی ہے۔
اس سے قبل واٹس ایپ نے بھی یہ سنگ میل حاصل کیا تھا مگر فیس بک کے اعدادوشمار سے عندیہ ملتا ہے کہ کمپنی کی اشتہاری آمدنی کا بنیادی ذریعہ اب بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
سہ ماہی رپورٹ کے مطابق میٹا کی اکتوبر سے دسمبر 2022 کے دوران آمدنی میں 2021 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں 4 فیصد کمی آئی۔
رپورٹ میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے عندیہ دیا کہ کمپنی سے مزید ملازمین کو نکالا جاسکتا ہے کیونکہ کمپنی کی جانب سے افادیت کو ترجیح دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ generative آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی بھی میٹا کی اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی متعدد ایپس کے لیے ایک بہت زیادہ پرجوش شعبہ ہے اور میٹا کا ایک مقصد اس شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔