11 فروری ، 2023
آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد کی جانب سے ننکانہ کے تھانہ وار برٹن سے نکال کر تشدد کے بعد قتل ہونے والا ملزم پہلے بھی مقدس اوراق کی بے حرمتی کے الزام میں گرفتار ہو چکا تھا۔
آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم وارث 2019 میں اسی طرح کی بےحرمتی کے واقعے میں ملوث تھا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا تھا، وہ 2022 میں رہا ہو کر آیا تھا، ملزم نے آج صبح دوبارہ مقدس اوراق کی بےحرمتی کا ارتکاب کیا۔
بابر سرفراز نے بتایا کہ ملزم کو محلے داروں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لےکر تھانے منتقل کیا، مشتعل ہجوم دھکم پیل کر کے سیڑھیوں کی مدد سے تھانے میں داخل ہوا، ہجوم ملزم کو پولیس سے چھین کر تھانے سے باہر لےگیا اور اسے تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔
آر پی او شیخوپورہ کا کہنا تھا کہ مشتعل افراد نے ملزم کی لاش کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی، پولیس نے آگ لگانے سےمشتعل ہجوم کو روکا اور انہیں منتشر کیا اور لاش اپنی تحویل میں لے لی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔