Time 14 فروری ، 2023
کاروبار

پاکستان نے معاہدے کیلئے ایم ای ایف پی مسودہ آئی ایم ایف کے حوالے کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو  معاہدے کے لیے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی (ایم ای ایف پی) کا مسودہ  حوالےکردیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پاکستان کی جانب سے فراہم کیےگئے مسودے کا جائزہ لینے کے بعد مذاکرات کا آغاز کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف ورچوئل مذاکرات کی تاریخ اور وقت مسودے کا جائزہ لینے کے بعد طےکرےگا۔

خیال رہے کہ پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو پیر کی رات آگاہ کیا  کہ حکومت وفاقی کابینہ کے سامنے منگل کو مختلف ٹیکس تجاویز پیش کرنے جا رہی ہے تاکہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اضافی 170 ارب روپے کے ٹیکس کی منظوری لی جاسکے۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ صرف ایک مرتبہ کے لیے نہیں بلکہ ٹیکس اقدامات ہمیشہ کے  لیے متعارف کرائے جائیں، اس کے بعد حکومت نے درآمدات پر سیلاب ٹیکس (فلڈ لیوی) عائد کرنےکا ارادہ ترک کر دیا ہےکیونکہ آئی ایم ایف نے اس ضمن میں سخت مزاحمت کی ہے۔

تاہم حکومت نے جی ایس ٹی کے معیاری 17 فیصد کو ایک فیصد بڑھا کر اسے 18 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے۔


مزید خبریں :