14 فروری ، 2023
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی حسن علی کا کہنا ہے کہ شاداب خان شادی کے بعد انہیں تنگ کرتے ہوئے زن مرید کہتے تھے۔
جیو سوپر سے گفتگو کے دوران حسن علی نے کہاکہ ’شاداب نے مجھے شادی کے بعد بہت تنگ کیا تھا اور میں اب شاداب کو تنگ کرتا ہوں، میری شادی کے بعد شاداب مجھے زن مرید کہا کرتا تھا اب شاداب کی باری ہے، اب یہ خود بھی زن مرید بن گیا ہے، اگر نہیں بنا تو بن جائے گا اب ہم نے بھی شاداب کو تنگ کرنا ہے کیوں کہ دوستوں میں یہی سب چلتا ہے‘۔
پی ایس ایل 8 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل ہمارا ایک برانڈ ہے جس کیلئے سارے پلیئر بہت پرجوش ہیں، اگر انفرادی طور پر دیکھیں تو پچھلے کچھ مہینوں سے میری پرفارمنس اچھی نہیں تھی لہٰذا اب پی ایس ایل میرے لیے بہترین موقع ہے کہ میں پرفارم کروں اور لوگوں کو بتاؤں کہ ٹائیگر ابھی زندہ ہے، میرا مقصد بھی یہی ہے کہ پرفارمنس دے کر وائٹ بال کرکٹ میں واپس آجاؤں‘۔
میچ کے دوران سیلیبریشن اور انرجی پر بات کرتے ہوئے کرکٹر نے کہا کہ ’کرکٹ کیلئے انرجی میرے خون میں شامل ہے ،کوئی بھی برانڈ کبھی اپنی چیزیں تبدیل نہیں کرتا، میرا سیلیبریشن اسٹائل وہی ہے، سیلیبریشن سے لے کر ہر چیز میری نیچرل ہے‘۔