14 فروری ، 2023
اکتوبر 2022 میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدا تو وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
مگر اب ایسا لگتا ہے کہ ٹوئٹر کے تمام صارفین کی فار یو فیڈ پر ایلون مسک ہی چھائے ہوئے ہیں۔
13 فروری سے ٹوئٹر کے لگ بھگ تمام صارفین کی فار یو فیڈ پر ایلون مسک کی ٹوئٹس بہت زیادہ تعداد میں نظر آرہی ہیں۔
درحقیقت یہ ٹوئٹس ان صارفین کے اکاؤنٹس پر بھی نظر آ رہی ہیں جو ایلون مسک کو فالو ہی نہیں کرتے۔
یہ واضح نہیں کہ ٹوئٹر میں اچانک ایلون مسک کی ٹوئٹس کو اتنی زیادہ رسائی کیوں ملنے لگی ہے جبکہ کمپنی نے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
مگر ایسا اس وقت ہوا ہے جب کچھ دن قبل ایلون مسک نے یہ شکایت کی تھی کہ ان کی ٹوئٹس کے ویوز گھٹ گئے اور انہوں نے اس وجہ سے ایک انجینئر کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔
گزشتہ دنوں ایلون مسک نے ٹوئٹر میں 'visibility' مسائل کو ٹھیک کرنے کا اعلان بھی کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ان کی 95 فیصد ٹوئٹس ڈیلیور نہیں ہو رہیں۔