Time 16 فروری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک نے اے آئی ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا

ایلون مسک / اے پی فوٹو
ایلون مسک / اے پی فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو انسانیت کے لیے سب سے بڑے خطرات میں سے ایک قرار دے دیا۔

دبئی میں ایک ایونٹ سے آن لائن خطاب کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی سے ثابت ہوتا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی بہت زیادہ ایڈوانس ہوچکی ہے اور اس پر ہمیں فکرمند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 'مستقبل کے انسانوں کے لیے اے آئی چند بڑے خطرات میں سے ایک ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی یقیناً اچھی پیشرفت ہے جس سے مستقبل میں مواقع پیدا ہوں گے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ ایک بہت بڑا خطرہ بھی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایلون مسک اوپن اے آئی نامی کمپنی کے شریک بانی ہیں جس نے چیٹ جی پی ٹی کو تیار کیا۔

البتہ ایلون مسک نے 2018 میں اس کمپنی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

ایلون مسک نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی پہلے ہی کافی پیشرفت کرچکی تھی مگر اس تک عام افراد کو رسائی حاصل نہیں تھی مگر چیٹ جی پی ٹی سے بیشتر افراد کو اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے موقع ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں، طیاروں اور ادویات کی تیاری میں حفاظتی اصولوں پر عمل کرنا ہوتا ہے مگر اے آئی ٹیکنالوجی کے لیے ابھی کوئی اصول و ضوابط موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'قوانین سے اے آئی ٹیکنالوجی کی پیشرفت کو کچھ سست کیا جا سکتا ہے جو میرے خیال میں ایک اچھی چیز ہے'۔

واضح رہے کہ ایلون مسک عرصے سے انتباہ کر رہے ہیں کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی بلا روک ٹوک تیاری انسانیت کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔

مزید خبریں :