16 فروری ، 2023
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے اعتراف کرتا ہوں غریب آدمی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، اس ملک میں دو ملک ہیں، ایک غریب کا اور دوسرا امیر کا۔
دی فیوچر سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو گیس چوری کا پورا پورا حساب دینا ہو گا، ایس ایس جی سی میں جو چوری کرے گا اس کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے گا، گیس کی چوری کا بوجھ غریب آدمی پر آتا ہے اور امیر آدمی بچ جاتا ہے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا اعتراف کرتا ہوں غریب آدمی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، روپے کے بے قدری کی وجہ سے مہنگا تیل خریدنے پر مجبور ہیں، عمران خان نے جانے سے پہلے پیٹرول پر سبسڈی دی اور بینک کرپٹ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا سستے تیل کے لیے روس سے معاہدہ ہو گیا ہے، مارچ سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائے گی، غریب آدمی کے لیے 4 ماہ آئی ایم ایف سے لڑا گیا ہے، اس ملک میں دو ملک ہیں، ایک غریب کا ملک اور دوسرا امیر کا ملک ہے۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پاکستان عالمی پابندیوں کا سامنا نہیں کر سکتا، عالمی قوانین کو سامنے رکھ کرہی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ آگے بڑھا سکتے ہیں۔