واٹس ایپ میں ایسا فیچر متعارف جو اب تک اس کا حصہ نہیں تھا

یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا / فائل فوٹو
یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ نے گزشتہ دنوں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرائے تھے۔

اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ کمپنی نے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے چند نئے فیچرز کا اضافہ کیا ہے۔

ان میں سب سے نمایاں فیچر پکچر ان پکچر موڈ ہے جس کو آئی فون استعمال کرنے والے صارفین ویڈیو کالز کے دوران استعمال کر سکیں گے۔

اس فیچر کی آزمائش واٹس ایپ کی جانب سے 2022 سے کی جا رہی تھی۔

اس فیچر سے صارفین واٹس ایپ پر ویڈیو کال کے دوران دیگر ایپس کو بھی استعمال کر سکیں گے۔

واٹس ایپ میں پکچر ان پکچر موڈ کے دوران ویڈیو کال کی اسکرین ایک چھوٹی ونڈو میں تبدیل ہو جائے گی جو کسی اور ایپ کو اوپن کرنے پر اوپر نظر آئے گی۔

کمپنی کے مطابق آئی او ایس صارفین کو آنے والے دنوں میں یہ نیا فیچر دستیاب ہوگا۔

پکچر ان پکچر موڈ کے علاوہ بھی واٹس ایپ کے آئی او ایس صارفین کے لیے کئی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔

اب آئی او ایس صارفین ڈاکومینٹس سینڈ کرتے ہوئے ان میں کیپشن شامل کر سکیں گے۔

اسی طرح گروپس کے زیادہ بڑے نام اور تعارف کو تحریر کرنا ممکن ہوگا جبکہ ڈیجیٹل اواتار کو اسٹیکرز اور پروفائل فوٹو کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔

یہ تینوں فیچرز پہلے ہی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرائے جا چکے ہیں مگر ابھی تک پکچر ان پکچر موڈ کا فیچر اینڈرائیڈ پر دستیاب نہیں۔

مزید خبریں :