Time 19 فروری ، 2023
کھیل

ڈیبیو میچ کی پہلی بال پر مصباح کو آؤٹ اور سمیع کو چھکا مارنا یاد ہے: سلمان ارشاد

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تک آنے والے سلمان ارشاد نے کہا کہ پی ایس ایل کا ان کے کیرئیر میں کافی اہم کردار رہا ہے، انہیں آج بھی قلندرز کی جانب سے اپنا ڈیبیو میچ یاد ہے کہ کیسے پہلی گیند پر مصباح الحق کو آؤٹ کیا  اور  محمد سمیع کو پہلی گیند پر چھکا مارا تھا، اس بات کا افسوس ہے کہ میچ جتوا نہ سکے، مقابلہ ٹائی ہوا  لیکن وہ زندگی کا سب سے اہم میچ تھا۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں 27 سالہ نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی دوسری بڑی لیگ ہے، آئی پی ایل کے بعد پی ایس ایل کو سب سے زیادہ فالو کیا جاتا ہے، اس لیگ میں اگر کوئی پلیئر پرفارم کرتا ہے تو اس کاقومی ٹیم میں کھیلنے کا سفر آسان ہوجاتا ہے۔

پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں پشاور زلمی کی ٹیم میں شامل فاسٹ بولر سلمان ارشاد کا کہناتھا کہ پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولرز کے درمیان کافی سخت مقابلہ ہے، کوشش ہے کہ اپنی ڈیتھ اوورز کی بولنگ کو بہتر کر کے اس کی بنیاد پر پاکستان ٹیم میں جگہ بنائیں۔

 سلمان ارشاد نے کہا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کیلئے تیار ہے، کوئٹہ سے میچ اچھا ہوگا اور ہرکوئی اس میچ کو انجوائے کرے گا، امید ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر کامیابی حاصل کریں گے۔

سلمان ارشاد نے کہا کہ ڈیرن سیمی، انضمام الحق اور محمد اکرم کی موجودگی سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، خواہش ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کروں اور قومی ٹیم میں کھیلنے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے اہم ایریاز کو مضبوط کروں۔

مزید خبریں :