21 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ان کا یہ ہدف ہے کہ کم سے کم 15 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل ہونے تک کھیلتے رہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں شعیب ملک نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ 15 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل ہونے تک کھیلتا رہوں، میں ابھی کرکٹ کھیل کر انجوائے کر رہا ہوں، جب مجھے گراؤنڈ میں اترنا بوجھ لگنا شروع ہو گیا تو میں ہر چیز سے ریٹائر منٹ لے لوں گا۔
اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ثانیہ مرزا کا ٹینس میں شاندار کیریئر رہا ہے، ثانیہ مرزا کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، وہ آج کل دبئی میں کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ کھیل رہی ہیں، ثانیہ مرزا نے کھیل میں جو کچھ حاصل کیا ہے مجھے اس پر فخر ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ پی ایس ایل میں ایسے دو میچز ہیں جو ہمیں جیتنے چاہیے تھے، دو میچز کی شکست مجھے انفرادی طور پر بہت چبھ رہی ہے، آخری میچ کی جیت سے ہمیں بہت اعتماد ملا ہے، میری کوشش ہے کہ جو مجھے رول دیا جائے اس کے مطابق کھیلوں، لاہور قلندرز کی ٹیم مضبوط ہے ، شاہین آفریدی ، حارث رؤف اور زمان خان کی وجہ سے بولنگ مضبوط ہے، لاہور قلندرز کے خلاف جیت سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر اچھا کھیل رہی ہے، کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ملتان کے پاس نوجوان فاسٹ بولرز اچھے ہیں، بولرز کو انٹرنیشنل کرکٹ کھلانے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے، نوجوان فاسٹ بولرز کو ابھی دو تین سال کھیل کر تجربہ حاصل کرنے دیں، ان بالرز کی اوسط اسپیڈ چار اوورز کی بجائے دس اوورز تک ہونی چاہیے، نئے بولرز کو جلد مت کھلائیں انٹرنیشنل کرکٹ کا ماحول الگ ہوتا ہے۔
شعیب ملک نے کہا کہ افتخار احمد بہت اچھا کھیل رہے ہیں، اپنی ہٹنگ اور اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کیا ہے، افتخار احمد جس نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں ون ڈے ورلڈ کپ میں ان کا فائدہ ہو گا، پی ایس ایل میں کنڈیشنز بیٹنگ کیلئے اچھی ہیں، میچز میں 180 رنز سے زائد بن رہے ہیں، میں بالرز سے کریڈٹ نہیں لے رہا اگر یہ نوجوان بولرز نہ ہوتے تو 240 رنز بن رہے ہو تے، پاکستان کے بیٹرز کو اپنی مہارت کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، غیر ملکی بیٹرز زیادہ رنز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان بیٹرز چوکوں چھکوں کی طرف مت جائیں اپنی اننگز بنائیں اور تسلسل لائیں۔