22 فروری ، 2023
میٹا کی جانب سے گزشتہ دنوں اعلان کیا گیا تھا کہ انسٹاگرام اور فیس بک استعمال کرنے والے صارفین فیس ادا کرکے اپنے اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ (یا اکاؤنٹ پر بلیو ٹک) کرا سکیں گے۔
اب اس میٹا ویری فائیڈ نامی سبسکرپشن پلان کی شرائط سامنے آگئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے ٹوئٹر کے ویری فائیڈ صارفین کے لیے بلیو سبسکرپشن سروس شروع کی تھی۔
مگر ٹوئٹر بلیو نامی سبسکرپشن سروس کو آغاز میں متعدد مسائل کا سامنا ہوا تھا اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹا نے اپنے سبسکرپشن پلان کے لیے چند شرائط پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگر آپ فیس بک یا انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ کو سبسکرپشن پلان کے تحت ویری فائی کراتے ہیں تو پھر آپ پروفائل نیم، یوزر نیم، تاریخ پیدائش یا پروفائل فوٹو کو تبدیل نہیں کرسکیں گے۔
صارفین کی جانب سے کسی تبدیلی کی کوشش کو کمپنی کی جانب سے بلاک کر دیا جائے گا، اگر وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں تو انہیں سبسکرپشن پلان کی رکنیت چھوڑنا ہوگی۔
اسی طرح میٹا ویری فائیڈ کا حصہ بننے کے لیے کم از کم عمر 18 سال ہوگی اور صارف کو حکومتی شناختی کارڈ کی ایسی نقل جمع کرانا ہوگی جو فیس بک یا انسٹاگرام پر اس کی فوٹو سے ملتی ہو۔
ہر اکاؤنٹ میں 2 فیکٹر authentication کو ٹرن آن کرنا بھی لازمی ہوگا جبکہ حال ہی اکاؤنٹس پر کچھ پوسٹس کرنا بھی ضروری ہوگا۔
میٹا نے مزید بتایا کہ آغاز میں سبسکرپشن پلان کے صارفین کا بلیو ٹک پرانے اکاؤنٹس کے بلیو ٹک جیسا ہی ہوگا، البتہ پرانے اکاؤنٹس میں فالوورز کی تعداد ڈسپلے کی جائے گی۔
میٹا کے مطابق یہ سروس ابتدائی طور پر اس ہفتے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع کی جائے گی۔
فیس بک اور انسٹاگرام کے ویب ورژن کے صارفین کے لیے سبسکرپشن سروس کی ماہانہ فیس 11.99 ڈالرز ہوگی جبکہ آئی فون کے صارفین کو 14.99 ڈالرز ادا کرنے ہوں گے۔