Time 23 فروری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

مائیکرو سافٹ کا اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی سرچ انجن موبائل صارفین کیلئے بھی متعارف

یہ اے آئی چیٹ بوٹ حالیہ مہینوں میں وائرل ہونے والے چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ہے / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
یہ اے آئی چیٹ بوٹ حالیہ مہینوں میں وائرل ہونے والے چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ہے / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

ڈیسک ٹاپ پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی بنگ چیٹ بوٹ کو متعارف کرانے کے 2 ہفتے بعد مائیکرو سافٹ نے موبائل ڈیوائسز اور اسکائپ میں بھی ان فیچرز کا اضافہ کر دیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے بنگ سرچ انجن کی ایپ میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ کے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کا یہ اے آئی چیٹ بوٹ حالیہ مہینوں میں وائرل ہونے والے چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ہے۔

موبائل ڈیوائسز پر بنگ سرچ انجن میں موجود یہ چیٹ بوٹ محدود پریویو کے لیے دستیاب ہے۔

جن صارفین کو پریویو کے لیے مدعو کیا جائے گا وہ ایپ میں بنگ بٹن کو کلک کرکے چیٹ بوٹ سے بات کر سکیں گے۔

موبائل ایپس میں جملے تحریر کرکے بات کرنے کے ساتھ ساتھ مائیکرو فون سے بھی چیٹ بوٹ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اسی طرح کے فیچرز آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر مائیکرو سافٹ کے براؤزر ایج کی ایپ پر بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

اسکائپ کو استعمال کرنے والے صارفین ہر پلیٹ فارم پر بنگ کے نئے اے آئی فیچرز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اسکائپ میں چیٹ بوٹ کو 100 سے زائد زبانوں میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

مائیکرو سافٹ کا اے آئی چیٹ بوٹ صارفین کے سوالات کا جواب دیتا ہے اور پیچیدہ موضوعات کی وضاحت آسان الفاظ میں کرتا ہے جبکہ دیگر متعدد کاموں کے لیے بھی اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :