Time 25 فروری ، 2023
پاکستان

جیل بھرو تحریک: پی ٹی آئی کے47 رہنما اور کارکن اڈیالہ جیل منتقل

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک میں راولپنڈی میں گرفتاری دینے والے پی ٹی آئی کے 47 رہنماؤں اور کار کنوں کو اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا۔

جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز گزشتہ روز کمیٹی چوک راولپنڈی سے ہوا جہاں پی ٹی آئی ضلع راولپنڈی کے کارکنان بڑی تعداد میں پہنچے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے میں راولپنڈی سے  پانچ اہم رہنماؤں سمیت 80 سے 90 کارکنوں نے گرفتاریاں دیں۔

گرفتاری دینے والوں میں سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، سابق ایم این اے صداقت عباسی، ذلفی بخاری، سابق ایم پی اے اعجاز خان جازی، سابق ایم پی اے لطاسب ستی، راجہ وحید قاسم سمیت متعدد کارکن شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری،فیاض الحسن چوہان،اعجازخان جازی اور صداقت عباسی کو بھی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو ایک ماہ تک نظربند رکھے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے 27 ارکان کو پولیس ٹریننگ اسکول روات میں منتقل کیا گیا ہے۔

جیل بھرو تحریک کے منتظم اعجاز چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور میں بھی ہزاروں افراد گرفتاری دینے نکلے تھے مگر کسی نے انہیں گرفتار ہی نہیں کیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بدھ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک لاہور سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا

مزید خبریں :